سینیٹر عمر فاروق کی زیرِ صدارت سینیٹ کی پیٹرولیم کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش و پیداوار کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔
حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ تیل اور گیس کے تقریباً تمام کنویں فعال ہیں، تیل و گیس کے کچھ کنوؤں سے پیداوار بعض وجوہات کی وجہ سے معطل ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ذخائر کی ڈرلنگ کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تیل و گیس کے ذخائر کہاں کہاں ہیں اور کتنی گیس اور تیل نکل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیل و گیس کی ایکسپلوریشن سے لے کر پیداوار تک کیا پراسس ہے، کچھ جگہوں پر ایکسپلوریشن ہوئی لیکن کچھ آؤٹ پٹ سامنے نہیں آیا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ تیل و گیس کی ایکسپلوریشن پر 7 سے 8 ماہ کیوں لگ جاتے ہیں، یہ بھی بتایا جائے کہ کہاں کہاں سے کتنے ذخائر نکل رہے ہیں، اگلی کمیٹی میٹنگ میں تمام تر تفصیلات کے ساتھ آئیں۔