• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے لانگ روم میں بیٹ رکھے جانے پر بابر اعظم کا ردِعمل

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کا نام اب دنیائے کرکٹ کے لیجنڈ بیٹرز میں شامل ہو گیا ہے۔

انہوں نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے لانگ روم میں اپنا بیٹ رکھے جانے پر جذبات کا اظہار کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سابق کپتان نے بلے کے ہمراہ مختلف تصاویر شیئر کرتے ہوئے اسے اعزاز قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے لانگ روم میں لیجنڈز کے درمیان میرا بیٹ رکھنا اعزاز کی بات ہے۔

پاکستانی بلے باز کی پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے ایم سی جی کی انتظامیہ نے بھی اس کے جواب میں کہا ہے کہ یہ بات ان کے لیے بھی ایک اعزاز ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے بابر اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

بابر اعظم کا بلا میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے لانگ روم میں رکھا گیا ہے جہاں ڈان بریڈ مین، ڈیوڈ بون، جیک ہوبز، مائیک بریئر لی اور برائن لارا جیسے عظیم بلے بازوں کے بلے بھی نمائش کے لیے موجود ہیں۔

خیال رہے کہ سابق کپتان بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں رنز کی برسات کرنے والا اپنا ایک بیٹ ایم سی جی حکام کی درخواست پر عطیہ کیا تھا۔

ایم سی جی حکام نے بابر اعظم کو لانگ روم کے لیے بیٹ عطیہ کرنے کی پیشکش کی تھی، جس پر انہوں نے 2022ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل میں استعمال ہونے والا بیٹ عطیہ کیا تھا۔ 

واضح رہے کہ بابر اعظم ان دنوں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے میلبرن میں موجود ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے 4 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید