ڈیلس(رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ) جیسے جیسے 2024کے امریکی صدارتی انتخابات قریب آ رہے ہیں، ملک کی سب سے بڑی مسلم سول رائٹس اور وکالت کی تنظیم، کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR)، نے گزشتہ روز اپنے آخری انتخابی سروے کے نتائج جاری کیے ہیں۔کیئر کے مطابق، گرین پارٹی کی امیدوار جل اسٹائن اور نائب صدر کملا ہیرس کے درمیان مسلم ووٹرز کی حمایت تقریباً برابر ہے، جہاں جل اسٹائن کی حمایت 42.3 فیصد جبکہ ہیرس کو 41 فیصد حمایت حاصل ہے۔ دوسری جانب، سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلم کمیونٹی میں محض 10 فیصد حمایت کے ساتھ کافی پیچھے ہیں۔ یہ سروے 30 اور 31 اکتوبر کے دوران 1,449 رجسٹرڈ مسلم ووٹرز کے ساتھ کیا گیا اور اس میں 95 فیصد ووٹرز نے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سروے کے نتائج میں 2.5 فیصد کی غلطی کی گنجائش کے ساتھ کیئر کے اعداد و شمار میں سخت مقابلے کو ظاہر کرتے ہیں، جو کہ کیئر کے اگست کے سروے کے نتائج سے ہم آہنگ ہیں،جس میں دونوں امیدواروں کو 29 فیصد حمایت حاصل تھی۔ مذکورہ سروے کے مطابق جل اسٹائن (گرین پارٹی) کو 42.3 فیصد حمایت حاصل ہے جبکہ کملا ہیرس (نائب صدر) کو 41فیصد مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے۔