کراچی (جنگ نیوز) پاکستانی نژاد ممبر ہاؤس آف لارڈ بیرسٹر واجد خان نے کہا ہے کہ برطانیہ میں سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلانے پر سزائیں دی گئی، مجھے تمام کمیونٹی کے لوگ ووٹ دیتے ہیں۔ صوفی ازم پر یقین رکھتا ہوں۔ قوالی شوق سے سنتا ہوں۔ میں سب سے کم عمر لارڈ منسٹر ہوں۔ ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اچھے تعلقات ہوں۔ تفصیلی گفتگو ناظرین پروگرام ”ایک دِن جیو کے ساتھ“ میں اتوار کی شام 7بجکر5منٹ پر دیکھ سکیں گے۔ میزبان سہیل وڑائچ ہیں۔ ٭ٹیسٹ کرکٹر نعمان علی نے شکوہ کیا ہے کہ عموماً کرکٹرز خواتین میں مقبول ہوتے ہیں لیکن جتنے طویل عرصے بعد میرا ڈیبیو ہوا ہے یوں لگتا ہے کہ خواتین میں میری مقبولیت کا سنہرا دور اب ختم ہوچکا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ میں صرف مرد کرکٹرز میں ہی مقبول ہوں۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ”جیونیوز“ کے شو ”ہنسنا منع ہے“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نعمان علی کا مزید کہنا تھا اگر مجھے کوئی ”انکل“ کہہ کر پکارے تو برا نہیں لگتا کیونکہ میں حقیقت پسند شخص ہوں۔ سیگمنٹ ”سخت سوال“ میں جواب دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ باؤنڈریز پر لڑکیاں زیادہ ہوں تو وہاں فیلڈنگ کرنا اچھا لگتا ہے۔ خود کو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا مستحق نہیں سمجھتا۔ بابر اعظم عائزہ خان سے زیادہ پیارا نہیں ہے۔ مزاح اور قہقہوں سے بھر پور شو ناظرین تابش ہاشمی کی میزبانی میں شب11بجکر5منٹ پر نشر ہوگا۔