• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی مہم کے دوران یہ کہنا کہ ٹیکس بڑھانے کی ضرورت نہیں، میری غلطی تھی، چانسلر

لندن (پی اے) چانسلر ریچل ریوز نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران یہ کہنا کہ انہیں ٹیکس بڑھانے کی ضرورت نہیں ہے، میری غلطی تھی لیکن اصرار کیا کہ مزید اضافے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ 11جون کو ایک کمپین کے پروگرام کے دوران محترمہ ریوز نے کہا تھا کہ انہیں لیبر پارٹی کے منشور میں پہلے سے طے شدہ اضافے سے زیادہ ٹیکس بڑھانے کی ضرورت نہیں ہوگی لیکن بدھ کو اپنا پہلا بجٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے 40 بلین پونڈز کے ٹیکسز میں اضافے کا اعلان کیا، جس میں آجروں کی قومی بیمہ کی شراکت میں اضافہ اور وراثتی ٹیکس اور کیپٹل گین ٹیکس میں تبدیلیاں شامل ہیں کیونکہ انہوں نے پبلک سروسز، جیسے کہ اسکولوں اور این ایچ ایس میں سرمایہ کاری کے لئے ادائیگی کرنے کی کوشش کی ہے۔ ٹریور فلپس کے ساتھ سکائی نیوز کے سنڈے مارننگ میں گفتگو کرتے ہوئے محترمہ ریوز نے کہا کہ انتخابات کے دوران مستقبل کی صورت حال پر ان سے غلطی ہوئی تھی کیونکہ وہ عوامی مالیات کی حالت کے بارے میں سب کچھ نہیں جانتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان الفاظ کے کہنے کے ایک ماہ بعد 5 جولائی کو ٹریژری پہنچی۔ مجھے ٹریژری کے سینئر افسران ایک کمرے میں لے گئے اور انہوں نے عوامی مالیات میں ایک بہت بڑے خسارے کا بتایا، جس کے بارے میں عام انتخابات کے وقت کسی کو بھی علم نہیں تھا۔ پچھلی حکومت کے وعدوں کے درمیان اس خسارے کی جسامت اور وہ اصل میں کیا خرچ کر رہی تھی، اس پر اختلاف کیا گیا ہے۔ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی رقم 22 بلین پونڈز ہے جبکہ کنزرویٹو نے اسے افسانہ قرار دے کر مسترد کر دیا ہے لیکن آفس فار بجٹ ریسپانسبلٹی کے دفتر نے کہا کہ پچھلی حکومت مارچ میں آخری بجٹ کے وقت تقریباً 9 بلین پونڈ اضافی اخراجات کے دباؤ کو ظاہر کرنے میں ناکام رہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارچ اور جولائی کے درمیان پوزیشن تبدیل ہو سکتی ہے۔ بدھ کو ٹیکس میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے محترمہ ریوز نے ایک مکمل عہد کیا کہ کام کرنے والے لوگوں پر ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، یہ کہتے ہوئے کہ انہوں نے ٹوریز کی بدانتظامی کے بعد حکومت کا صفایا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ہم پر ہے۔ ہم نے سب کچھ کھول کر رکھ دیا ہے، ہم نے اس پارلیمنٹ کے اخراجات کا لفافہ ترتیب دیا ہے، ہمیں مزید واپس آنے کی ضرورت نہیں ہے، ہم نے اب یہ کر دیا ہے، ہم نے سلیٹ کو صاف کر دیا ہے۔ اس پر دباؤ ڈالا کہ آیا وہ مزید ٹیکس میں اضافے کے ساتھ واپس آئیں گی، چانسلر نے جواب دیا کہ میں آج اس شو میں پانچ سال کا بجٹ نہیں لکھ سکوں گی لیکن اس طرح کے دوسرے بجٹ کے ساتھ واپس آنے کی ضرورت نہیں ہے، ہم کو دوبارہ ایسا کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انسٹی ٹیوٹ فار فسکل اسٹڈیز اور ریزولوشن فاؤنڈیشن کے ماہرین اقتصادیات نے بجٹ کے بعد تجویز کیا کہ موجودہ اخراجات کے منصوبوں کا مطلب ہے کہ چانسلر کو اگلے سال کے بعد مزید 9 بلین پونڈز تلاش کرنا ہوں گے تاکہ غیر محفوظ محکموں میں کٹوتیوں سے بچ سکیں لیکن محترمہ ریوز ٹیکس میں مزید اضافے سے بچنے کے لئے معاشی نمو پر اعتماد کر رہی ہیں۔ توقع ہے کہ وہ آنے والے ہفتوں میں پنشن، فلاحی اور صنعتی حکمت عملی میں اصلاحات کا ایک سلسلہ مرتب کریں گی۔ تعمیراتی منصوبوں کو تیز کرنے کے لئے منصوبہ بندی کے نظام میں اصلاحات کے ساتھ مل کر لیبر کو امید ہے کہ یہ تبدیلیاں سرمایہ کاری، پیداواریت اور اقتصادی ترقی کو نمایاں طور پر بڑھانے کے لے کافی ہوں گی۔

یورپ سے سے مزید