• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: بجٹ سے مہنگائی کا امکان، ٹرانسپورٹ کرائے بڑھیں گے

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں سال 2024 کا ٹیکس بجٹ پیش کئے جانے کے بعد مہنگائی کا امکان ہے۔ ابھی بجٹ کی منظوری دور ہے مگر بجٹ پیش ہوتے ہی لندن میں ٹیوب، ریل اوربسز کے کرایہ جات میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ممکنہ طو رپریہ کرایہ پانچ فیصد تک بڑھے گا جس سے مہنگائی کی نئی لہر جنم لے گی، معاشی حالات سے تنگ لوگوں پر ٹیکسز کی بھرمار کر دی گئی ہے جس سے غریب اور متوسط طبقے کیلئے مشکلات میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔ نئے ٹیکسز کے نفاذ سے محنت مزوری کر کے گھر چلانے والے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جبکہ سنہرے خواب آنکھوں میں سجائے برطانیہ آنے والے امیگرینٹس کے بھی خواب چکنا چور ہونے جا رہے ہیں۔ ورکنگ کلاس پر ٹیکسز کی بھرمار سے مہنگائی بڑھے گی اور لوگوں کا مشکل ہو جائے گا۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی طرف سے میئر لندن صادق خان کے نام لکھے خط میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ لندن میں چلنے والی ٹیوب، بسز اور ریل کے کرایہ جات میں پانچ فیصد تک اضافہ کریں بصورت دیگر لندن میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ڈویلپمنٹ فنڈز کو روک لیا جائے گا اگر ایسا ہوا تو لندن میں ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہو گا۔ صادق خان پانچ برس تک کرایہ جات کو فریز رکھنے اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں اب حالات کے سامنے وہ کس طرح بند باندھتے ہیں یہ انتہائی اہم ہوگا۔ بادی النظر میں لندن میئر کے پاس سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی ہدایت پر عمل کرنے کے سوا کوئی چارہ دکھائی نہیں دیتا ۔ عوامی حلقوں نے برطانوی معیشت کی زوال پذیرپر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ملکوں کی جنگ میں شامل ہونا برطانیہ کیلئے تباہ کن ثابت ہو رہا ہے، ٹیکس سے اکٹھی ہونے والی آمدن کو عوام کی فلاح پر خرچ کیا جاتا ہے مگر برطانیہ کے غیر ضروری اخراجات کی وجہ سے وہ معاشی دباؤ کا شکار ہوتا جا رہا ہے جس سے مہنگائی بڑھے گی اپنے خسارے پورے کرنے کیلئے حکومت چالیس بلین پاؤنڈ کے مزید ٹیکس عائد کرنے جا رہی ہے حکومتی ٹیکسوں میں مرنیوالے افراد کی پنشن پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
یورپ سے سے مزید