لوٹن (شہزاد علی) آزاد کشمیر میں انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تعمیر کے حوالے سے لوٹن میں پروگرام کا انعقاد مرکزی جامع مسجد واقع ویسٹ بورن روڈ میں کیا گیا جس میں مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اور میرپور میں ائرپورٹ کی تعمیر کیلئے مہم چلانے کا اعادہ کیا، شرکاء نے متفقہ طور پر لارڈ قربان حسین کو یہ ذمہ داری سونپی کہ وہ حکومت پاکستان اور اوورسیز کشمیریوں کی جانب سے یہ مسئلہ پاکستان کے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائیں۔ اس موقع پر لارڈ قربان حسین نے کہا کہ برطانیہ کے تمام شہروں میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور پاکستان ہائی کمیشن سے ملاقات کرکے انہیں مشترکہ طور اس سلسلے میں اعتماد میں لیا جائے گا اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ ائرپورٹ کی تعمیر کے سلسلے میں پیش رفت کرے۔ لارڈ قربان حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تین ائرپورٹ تعمیر اور ریلوے لائن بچھائی جارہی ہے تو آزاد کشمیر میں بھی انٹرنیشنل ائرپورٹ کیوں تعمیر نہیں ہوسکتا، انہوں نے کہا کہ اسی سلسلے میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار سے لندن میں انہوں نے حال ہی میں خود ائرپورٹ کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ برطانیہ اور یورپ کے چئیرمین حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ ائرپورٹ کی تعمیر کیلئے ایک پٹیشن پر پانچ ہزار سے زائد دستخط ہوچکے ہیں اور اس پٹیشن کو اوتھ کمشنر سے رجسٹرڈ بھی کرایا گیا ہے اور یہ پٹیشن آزادکشمیر کے صدر اور محتسب اعلیٰ کو بھی ارسال کی جا چکی ہے۔ حاجی چوہدری محمد قربان نے برطانیہ یورپ اور اووسیز میں آباد کشمیریوں اور میرپور سے ملحقہ تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ میرپور میں ائرپورٹ کی تعمیر کیلئے آواز بلند کریں۔ سلاؤ سے چوہدری منیر حسین خان پوری، چوہدری شباب، منیر حسین عاطف نے کہا کہ انہوں نے برمنگھم اور دیگر شہروں میں اس سلسلے ميں پہلے ہی کمیٹیاں تشکیل دے رکھی ہیں اور ان کمیٹیوں کو زیادہ فعال بنایا جائے گا اور اب یہ باقاعدہ تحریک بن چکی ہے، ائر پورٹ ہمارا حق اور جائز مطالبہ ہے۔ پروفیسر ظفر خان، سابق میئر طاہر ملک،چوہدری اصغر پوٹھی، مرکزی جامع مسجد کے صدر چوہدری محمد پوٹھی، ملک پنوں خان، چوہدری نثار کسگموی، حاجی عبدالقیوم، حاجی محمد شبیر، حاجی رحمت علی تھوتھالوی، حاجی ایوب، خلیفہ حاجی محبوب خان، محمد خضر اور دیگر نے کہا کہ میرپور ائر پورٹ کی مہم کی وہ ہرطرح سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے لارڈ قربان حسین، چوہدری منیر، کبیر بٹ، حاجی چوہدری قربان اور دیگر فعال افراد پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، اس موقع مرکزی جامع مسجد کے خطیب علامہ حافظ اعجاز احمد نقشبندی اور دیگر بھی موجود تھے۔