وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بجلی، گیس منہگی ہے، عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے، ہم عوام کی آزادی کے لیے نکلیں گے، چاہے کچھ بھی ہو جائے۔
انہوں نے پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں سے باہر بچوں کی تعلیم کے لیے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں، بچوں کو تعلیم دینا ریاست اور حکومت کی ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 14 ہزار بچے اس پروگرام کے تحت تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ وہ لوگ کامیاب ہوتے ہیں جنہیں یقین ہے کہ وہ کامیاب ہوں گے، خود پر اعتماد کو کبھی بھی نہ کھوئیں، خود پر اعتماد کریں، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ کوئی اسکول بغیر فرنیچر کے نہیں ہو گا، آپ ڈیوٹی نہ کرنے والے ملازمین کی نشاندہی کریں، ہم نے بلڈنگ نہیں تعلیم دینی ہے، اسپتال نہیں علاج دینا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کے پی نے کہا کہ قبائلی اضلاع پر زیادہ توجہ دیں گے، فیصلہ کیا ہے کہ اسکولوں میں کوئی بھی بچہ زمین پر نہیں بیٹھے گا، جن اسکولوں میں فرنیچر نہیں انہیں ہر صورت فرنیچر فراہم کریں گے۔