بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ کل 4 گھنٹے میں بغیر کسی بحث ترمیم پاس کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور انصاف کے نظام کو ایسے ہی دفن کیا جاتا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقابلہ کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ آپ اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گزشتہ روز عدلیہ اور پوری قوم پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اب مقتدرہ کی خواہش پر جج لگائے گی، پاکستان کو ایک محکوم ملک بنانے کی سازش کی گئی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آزاد ذہن رکھنے والوں کے لیے دروازے بند کر دیے گئے ہیں، ہمیں فیصلہ کرنا ہے ڈرے ہوئے انسانوں کی طرح رہنا ہے یا آزاد قوم کی طرح جینا ہے۔