ملتان(سٹاف رپورٹر) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکنز نے ملاقات کی، ملاقات میں ایگری ای میکنائزیشن، جدید ٹیکنالوجی، جی او ایم سیڈ، انسدادِ سموگ کے اقدامات، پیسٹِسائڈز اور فرٹیلائزر ایکٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر سیکریٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ پنجاب زراعت کے شعبہ میں امریکہ کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، خصوصاً کاٹن اور سویابین کی پیداوار بڑھانے کے لیے ہمیں آپ کا تعاون درکار ہے، انھوں نے کہا کہ یو ایس اے آئی ڈی کے تحت پنجاب کے ایگریکلچر پراجیکٹس میں امریکی مالی امداد و معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حکومت پنجاب جدید زرعی مشینری کی رینٹل سروسز کا پروگرام بہت جلد شروع کرنے جا رہی ہے جہاں پر تمام مشینری سبسڈی ریٹ پر کسانوں کو دستیاب ہو گی۔