• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، اسرائیلی فضائی حملے، خواتین و بچوں سمیت 14 فلسطینی شہید، 33 زخمی

غزہ/بیروت (اے ایف پی)غزہ اور بیروت پر اسرائیلی جارحیت جاری،پناہ گاہ خیموں اور اسکول پر فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 14 فلسطینی شہید، 33زخمی ہوگئے، جبکہ لبنان میں مہلک حملوں میں ساحلی شہر میں تین عمارتوں کو نشانہ بنایا ، نباتیہ میں دو تاریخی مکانات کو تباہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق، غزہ کے شہری دفاع کے ادارے نے گزشتہ روز کہا کہ رات بھر اسرائیلی فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 14 فلسطینی شہید ہوئے، جب کہ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے علاقے کے شمال میں درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نےبتایا کہ خان یونس کے جنوبی علاقے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر ہونے والے ایک فضائی حملے میں کم از کم نو افراد شہید ہوئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔فلسطینی ہلال احمر نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں 11دیگر زخمی ہوئے ہیں جنہیں ناصر اسپتال لے جایا گیا۔ دوسرے فضائی حملے میں اسرائیلی جنگی طیاروں کی فہد الصباح اسکول پر بمباری میںبچوں سمیت پانچ افراد شہید اور 22کے قریب زخمی ہوئے، جسے غزہ شہر کے الطفہ ضلع میں ہزاروں بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ میں تبدیل کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید اور زخمی ہونے والوں کو العہلی عرب اسپتال لے جایا گیا ہے۔خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں اسرائیلی فوج نے کئی اسکولوں میں قائم پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا ہے ۔یونیسیف نے جمعے کو کہا کہ گزشتہ ماہ غزہ کی پٹی میں تقریبا روزانہ دو کے حساب سے اسکولوں کے خلاف کم از کم 64 حملے کیے گئے۔غزہ میں 95 فیصد سے زیادہ اسکول جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔دوسری جانب ،لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے کہا تھا کہ اسرائیل کے مہلک حملوں میں ساحلی شہر میں تین عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے درجنوں گھروں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔این این اے نے یہ بھی کہا کہ دشمن کے لڑاکا طیاروں نے جنوبی شہر نباتیہ میں دو تاریخی مکانات کو تباہ کر دیا۔

دنیا بھر سے سے مزید