ریاض (شاہدنعیم) سابق سعودی انٹیلی جنس چیف شہزادہ ترکی بن فیصل نے امریکا کی نمایاں ترین یونیورسٹی ہارورڈ میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے۔ ان کا ہارورڈ یونیورسٹی کا یہ دورہ تھنک ٹینک شاہ فیصل مرکز برائے تحقیق واسلامک اسٹڈیز کے سربراہ کے طور پر تھا۔انہیں یونیورسٹی کے بیلفر سنٹر برائے سائنس اور بین الاقوامی امور کے کینیڈی سکول نے اس مقصد کے لیے دعوت دی تھی۔شہزادہ ترکی بن فیصل نے مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار اور اس کی کشیدگی میں کمی لانے کے لیے کوششوں کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے اس موقع پر فیکلٹی کے ارکان سے تحقیق کردہ موضوعات پر مواد کو جاری کرنے اور بہتر استفادے کے لیے سامنے لانے کا بھی کہا۔