کراچی(نیوز ڈیسک)کریملن نےگزشتہ روز ان خبروں کی تردید کی ہے کہ امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے بات کی اور کہا کہ ولادیمیر پیوٹن کا ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کرنے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔خیال رہے کہ امریکی اخبارواشنگٹن پوسٹ نے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کال ہوئی ہے اور ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے یوکرین جنگ کو مزید نہ بڑھانے کا کہا۔کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نےمیڈیاسکو بتایا کہ یہ مکمل طور پرافسانوی بات ہے، یہ محض غلط معلومات ہیں،کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔دیمتری پیسکوف نے کہاکہ بعض اوقات کافی معتبر اشاعتوں میں بھی اب شائع ہونے والی معلومات کے معیار کی یہ سب سے واضح مثال ہے۔اس سوال پر کہ کیا ولادیمیر پیوٹن کا ٹرمپ کے ساتھ کسی قسم کے رابطوں کا منصوبہ ہے،دیمتری پیسکوف نے کہا کہ ابھی تک کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں ہے۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ منتخب ہونے کی صورت میں 24 گھنٹوں کے اندر یوکرین میں امن قائم کر سکتے ہیں، لیکن انہوں نے اس بارے میں کچھ تفصیلات نہیں بتائیں کہ وہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ میں سب سے بڑی زمینی جنگ کو کیسے ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔تاہم، پیوٹن نے انتخابات میں کامیابی پر ٹرمپ کو مبارکباد دی۔