مقبوضہ بیت المقدس (نیوز ڈیسک )لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے حملے کے خوف سے نیتن یاہو نے اپنا دفتر گھر کے تہہ خانے میں منتقل کردیا، غزہ میں گھر مسمار کرنے کے خدشے کے پیش نظر امریکہ نے اسرائیل کو130بلڈوزراور بھاری بموں کی فراہمی روک دی،جبکہ ایران نے اقوام متحدہ سے اسرائیل کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق،گزشتہ ماہ حزب اللہ کے اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر حملے کے بعد نیتن یاہو نے اپنا دفتر بالائی منزل سے تہہ خانے میں منتقل کرلیا۔غیرملکی خبررساں ادار کے مطابق نیتن یاہو نے بیٹے کی شادی غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔اسرائیلی وزیراعظم کا عدالت میں کیسز میں بھی پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔علاوہ ازیں اسرائیلی وزیراعظم نے لبنان میں پیجر ڈیوائس حملوں اور حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ پر حملے اور انہیں شہید کرنے کا اعتراف کرلیا۔دوسری جانب ،امریکا نے اسرائیل کو 130 بلڈوزر اور بھاری بموں کی فراہمی روک دی ہے، اسرائیل یہ بلڈوزر غزہ کی پٹی میں گھروں کو منہدم کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا۔اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع نے امریکی مشینری بنانے والی کمپنی کیٹرپیلر سے تقریبا 130 ڈی 9 بلڈوزر خریدنے کے بڑے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔