سرینگر(آ ئی این پی ) تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع سوپور میں بھارتی فوج کی جانب سے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے 2 روز سے محاصرہ جاری ہے ، ضلع میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 روز کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے ۔تاحال قابض بھارتی فوج نے ضلع سوپور کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔ بزرگوں تک کو تشدد کا نشانہ بنایا ج گیا۔سرچ آپریشن کے دوران ایمبولینسوں کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز بند ہیں۔ بھارتی فوج اور ریاستی انتظامیہ کا دعوی ہے کہ محاصرے کے دوران عسکریت پسندوں نے بھارتی فوج پر فائرنگ کی۔ مقابلے میں تین مزاحمت کار مارے گئے۔قابض بھارتی فوج نے شہید ہونے والے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کو دینے کے بجائے پولیس کے حوالے کردیں۔ ورثا اپنے پیاروں کی لاشوں کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔