فیصل آباد (رپورٹ: سمیر اجمل )ماہرین صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں وٹامن ڈی کی کمی کا مسلہ سنگین صورتحال اختیار کرچکاہے،پاکستان میں 90فیصد افراد وٹامن ڈی کی کمی کاشکار ہیں جس کی وجہ سے ان کا مدافعتی نظام بھی کمزور ہو سکتا ہے جس سے کئی بیماریاں لاحق ہونے کا خدظہ ہوتا ہے ۔ وٹامن ڈی کی کمی صرف ہڈیوں اور پٹھوں پر ہی اثر انداز نہیں ہوتی بلکہ یہ دل،گردہ،جگر اور ذیابیطس کے امراض کا بھی موجب بھی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار معروف ڈاکٹرز نے میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) اور سکاٹ مین فارما سیوٹیکلز کے زیر اہتماموٹامن ڈی کی کمی (وجوہات‘ علامات اور علاج) کے عنوان سے فیصل آباد مقامی ہوٹل میں راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں کیا۔ ڈین آف میڈیسن الائیڈ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر عامر شوکت نے کہا کہ وٹامن ڈی کی کمی ایک ایسا مسئلہ ہے جس کے بارے میں عوام کو آگہی دینا بہت ضروری ہے،اس وقت پاکستان میں ذیا بیطس ٹائپ ون اور ٹو دونوں کے مریض پائے جاتے ہیں۔وٹامن ڈی کی کمی پر قابر پانے سے ذیابیطس کے مرض پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے کیونکہ وٹامن ڈی لبلبے سمیت دیگر اعضا کی استعداد کار کو بہتر بنانے اور لیور(جگر)کے فنکشن کو بھی بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے ۔ ہیڈ آف میڈیسن ڈیپارٹمنٹ الائیڈ ون ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر عامر حسین نے کہا کہ جہاں پر سورج کی روشنی زیادہ ہوتی ہے وہاںوٹامن ڈی کی کمی کا مسئلہ نہیں ہوتا ہے کیونکہ سورج کی روشنی پڑنے سے جسم ازخود وٹامن ڈی بنا نا شروع کردیتا ہے مگر یہ مفروضہ غلط ثابت ہوا ہے کیونکہ پاکستان میں سورج کی روشنی ہونے کے باوجود لوگ وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہورہے ہیں۔وٹامن ڈی کی کمی کے حوالے سے ہر فرد کواپنے معالج کے مشورہ سےادویات کا استعمال کرنا چاہئے۔پاکستان میڈیکل ایسویشن (پی ایم اے) کے جنرل سیکرٹری اور الائیڈ ہسپتال کے اسٹنٹ پر وفیسر ڈاکٹر محمد عرفان نے کہا کہ وٹامن ڈی کا زیادہ ہونا بھی اتنا ہی خطرناک ہے جتنا اس کی کمی ہونا ہے اس لئے وٹامن ڈی کے حوالے سے ہر شہری کو محتاط رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے وٹامن ڈی کی کمی اور زیادتی بارے جاننے کے لئے ہر شہری کو گاہے بگاہے چیک اپ کروانا چاہے اور وٹامن ڈی کی پچاس فیصد کمی پر معالج سے ر ا بطہ کرنا چاہئے۔ ہیڈ آف آتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹ الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر مظہر محمود نے کہا کہ ہڈیوں کی کمزوری کی بنیادی وجوہات میں سے ایک وٹامن ڈی ہے کیونکہ کیلشیم کی طرح وٹامن ڈی بھی ہڈیوں اور پٹھوں کی مضبوطی کے لئے ضروری ہے مگر بدقسمتی سے ہمارا رہن سہن ایسا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہری تیزی سے وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہو رہے ہیں صبح کی سیر‘ ورزش‘ تازہ آ ب و ہوا اور سورج کی روشنی میسر نہ ہونے کی وجہ سے وٹامن ڈی کی کمی ہر شہری کا مسئلہ بنتی جارہی ہے۔