لاہور(نمائندہ جنگ )اسموگ کے باعث پنجاب بھر میں اسکول وکالجز بند ہوگئے ، نجی اداروں کے نصف عملے کو آن لائن شفٹ کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے ، شدید دھند سے پروازیں متاثر اور موٹرویز بند، پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع لپیٹ میں آگئے،فضائی آلودگی میں لاہور کا پہلا نمبرہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسموگ کی خطرناک صورتحال کے ہیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام نجی وسرکاری اسکول،کالج، اکیڈمیز اور ٹیوشن سنٹر بھی بند کر دئیے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں نرسری سے بارھویں جماعت تک کے تمام تعلیمی ادارے آج 13 نومبر سے 17نومبر بروز اتوار تک کے لیے بند کر کے آن لائن کلاسز کے احکامات جاری کر دئیے گئے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی جی خان، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور اور راولپنڈی ڈویژن سمیت دیگر شہروں میں 17 نومبر تک اسکولز و کالجز بند رہینگے۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ اسموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر تمام اضلاع میں سکولز بند کر رہے ۔بچوں کو مہلک اثرات سے بچانے کیلئے یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑا ہے۔یہ فیصلہ اضلاع کی جانب سے مسلسل موصول شکایات کی روشنی میں کیا گیا۔ ادھرپنجاب حکومت نے صوبہ میں دفتروں کے 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کے بارے میں مراسلہ جاری کر دیا۔ ڈی جی ماحولیات پنجاب ڈاکٹر عمران حامد نے 4 ڈویژنز کے تمام نجی دفتروں کے 50فیصد عملے کو آن لائن کام پر منتقل کرنے کے بارے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق دفاتر میں صرف 50فیصد اسٹاف کو بلایا جائے گا جبکہ 50 فیصد اسٹاف گھروں سے کام کرنے کا پابندی ہوگا۔ مختلف محکموں کے درمیان میٹنگز بھی آن لائن ہوں گی۔دوسری جانب پنجابیں سموگ کی وجہ سے ابتر صورتحال بر قرار ہے ، خیبر پختوانخواہ میں بھی فضاء میں آلودگی ظاہر ہونے لگی،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں گزشتہ روز بھی لاہور پہلے نمبر پر رہا ، امریکی میڈیا کے مطابق پاکستان میں سموگ خلاء سے بھی نظر آنے لگی ہے۔