• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نقل مکانی کے باعث سندھ کے وسائل پر دباو ٔبڑھ گیا‘ وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 2023کی ڈیجیٹل مردم شماری سے قومی آبادی میں2.55فیصد کی شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملک کی کل آبادی 24 کروڑ 10 لاکھ جبکہ سندھ کی آبادی ساڑھے 5 کروڑ ہوگئی ہے اگرچہ حکام کو شک ہے کہ سندھ کی آبادی اصل اعداد وشمار سے کم دکھائی گئی ہے۔ آبادی میں اضافے کی دو بڑی وجوہات ہیں‘ایک بلند شرح پیدائش اور دوسرا پاکستان کے مختلف علاقوں اور دوسرے ممالک سے نقل مکانی‘ اس صورتحال کے باعث صوبے کے وسائل پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ بے روزگاری، صحت، تعلیم، رہائش اور خوراک کی فراہمی جیسے بحرانوں نے سر اٹھایا ہے۔وزیراعلی سندھ نے یہ بات آبادی میں اضافے پر ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سندھ کی بڑھتی آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کےلیے فیملی پلاننگ 2030 کے لیے اہم اہداف اور مقاصد مقرر کیے گئے۔وزیراعلی سندھ نے بڑھتی آبادی کے سماجی معاشی اثرات کو کم کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کم عمری میں شادی پر پابندی ایکٹ 2013، ری پروڈکٹو ہیلتھ رائٹس بل، سندھ پاپولیشن پالیسی 2016 جیسی قانون سازی کا حوالہ دیا اور فیملی پلاننگ 2015 پر عملدرآمد کو سندھ کے فعال نقطہ نظر کا حصہ قرار دیا۔

ملک بھر سے سے مزید