مون سون کی مسلسل اور شدید بارشوں کے باعث نیپال کے مختلف علاقوں میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، کئی آبادیاں صفحۂ ہستی سے مٹ گئیں جبکہ سڑکیں اور پل بھی سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے۔
اس وسیع پیمانے کی تباہی کے دوران ایک گھر نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی جو اپنے اردگرد موجود تباہ شدہ مکانات کے درمیان مکمل طور پر محفوظ رہا، دیکھنے والوں نے اسے ’معجزاتی گھر‘ کا نام دے دیا۔
اس گھر کے اردگرد کے بیشتر مکانات منہدم یا مٹی کے تودوں میں بہہ جانے کے باوجود ’معجزاتی گھر‘ کو حیرت انگیز طور پر معمولی نقصان پہنچا۔
فضائی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گھر کے چاروں جانب سیلابی ملبہ اور موٹی تہہ میں کیچڑ جمع ہے، تاہم عمارت کا بنیادی ڈھانچہ بدستور قائم ہے۔
مقامی رپورٹس کے مطابق گھر کی مضبوط بنیاد و کنکریٹ سے تعمیر اور نسبتاً بلند مقام پر تعمیر کیے جانے جیسے عوامل نے اسے تیز رفتار سیلابی ریلے کا مقابلہ کرنے میں مدد دی۔
محفوظ رہ جانے والے اس گھر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
