اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر پیش آئے واقعے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
عمر ایوب نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتاری اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے کے معاملے پر عدالت عالیہ اسلام آباد میں درخواست دائر کردی۔
اپوزیشن لیڈر کی درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب، جیل سپرنٹنڈنٹ غفور انجم، آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی اور صدر بیرونی کے ایس ایچ او کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت کو کرائی گی یقین دہانی پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عدالت کے حکم کی خلاف ورزی پر فریقین کے خلاف توہین عدالت کاروائی کی جائے، فریقین نے عدالتی حکم جان بوجھ کر نظر انداز کیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت کے احکامات کا تمسخر اڑانے پر سخت کارروائی کی جائے۔
عمر ایوب کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار کے پاس آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت درخواست دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔