راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں سوشل سائنسز کی تیسری بین الاقوامی کانفرنس کنٹمپریری ورلڈ چیلنجز اینڈ ٹرانسفرمیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گولز کا حصول ضروری ہدف ہے جس کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انٹرنیٹ کے ذریعے معلومات کی فراوانی نے انفرادی عقل کو متاثر کیا ہے‘ مختلف انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر دستیاب معلومات کی تصدیق بھی ضروری ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے کہا کہ یہ کانفرنس سوشل سائنسز کے ماہرین، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کو عالمی چیلنجز پر خیالات کے اظہار کا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔ کانفرنس میں پروفیسر ڈاکٹر اگاتا گاسیو روسکا، ایس ڈبلیو پی ایس یونیورسٹی، پولینڈ سمیت 50سے زائد یونیورسٹیوں کے تین سو سے زائد محققین نے شرکت کی اور تحقیقی مقالے پیش کئے۔