راولپنڈی (نمائندہ جنگ) موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی راولپنڈی شہر کے بیشتر علاقوں میں کم پریشر سمیت قدرتی گیس کا بحران بدستور جاری ہے۔گیس بحران کے باعث بچوں، بوڑھوں اور گھریلو خواتین کو بالخصوص شدید مسائل کا سامنا ہے ۔ اس بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی پر صارفین نے ایس این جی پی ایل انتظامیہ کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں کئی گنا اضافے کے باوجود گیس فراہم نہ کرنا زیادتی ہے۔ اڈیالہ روڈ اور گرد ونواح کے علاقے، گلشن آباد، ڈیفنس روڈ ، میڈیا ٹاؤن، صادق آباد ، ویسٹرج ، گلبہار کالونی سمیت دیگر علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ کم از کم دن کے اوقات میں یکساں پریشر کے ساتھ گیس فراہم کی جائے کیونکہ پریشر کم کرنے سے لوگ کمپریسر کا استعمال شروع کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے بالخصوص وہ صارفین جو اس غیرقانونی عمل کا حصہ نہیں بنتے انہیں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔