کراچی سمیت سندھ بھر کے 18 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے۔
پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
کراچی میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر وارڈ کی 10 نشستوں پر 68 امیدوار مدِمقابل ہیں۔
کراچی میں 167 پولنگ اسٹیشنز میں سے 136 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
یو سی 7 ماڈل کالونی ٹاؤن ضلع کورنگی میں طالب علم اسکول پہنچ گئے۔
یو سی 7 ماڈل کالونی ٹاؤن میں اسکول اور کالج پہنچنے والے اسٹوڈنٹس کو واپس بھیج دیا گیا۔
ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے کورنگی میں ڈپٹی کمشنر نے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
یو سی 9 ٹی ایم سی ملیر میں قائم 11 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
یو سی 8 ٹی ایم سی ماڈل کالونی میں قائم تمام 21 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
یوسی 13 ٹی ایم سی صدر میں 7 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 5 کو حساس جبکہ 5 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
یو سی 7 ٹی ایم سی لیاقت آباد میں تمام 31 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔
پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 16 سے 18 اہلکار جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 سے 12 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔
سندھ کے دیگر 12 اضلاع میں حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ، گھوٹکی، مٹیاری، ٹنڈوالہ یار، لاڑکانہ، جیکب آباد اور نوشہروفیروز شامل ہیں جبکہ عمر کوٹ، سانگھڑ اور شکارپور میں امیدوار کے بلامقابلہ منتخب ہونے پر ووٹنگ نہیں ہوئی۔
سکھر کی 2 نشستوں یونین کمیٹی 6 میں وائس چیئرمین اور یو سی روہڑی میں چیئرمین کے انتخاب کے لیے پولنگ ہو رہی ہے۔
نواب شاہ میں سکرنڈ کے حلقے 4 میں وائس چیئرمین اور وارڈ نمبر 2 میں جنرل کونسلر کے لیے پولنگ چل رہی ہے جبکہ نواب شاہ کی ایچ ایم خواجہ یونین کونسل 4 میں چیئرمین اور ممبر ضلع کونسل کا انتخاب ہو رہا ہے۔
گھوٹکی میں اوباڑو کی یونین کونسل کموں شہید میں چیئرمین کے لیے پولنگ ہو رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے ذوالفقار چاچڑ اور آزاد امیدواروں ارباب بوہڑ اور صدیق کوش کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔
ریٹرننگ افسر کے مطابق یونین کونسل کموں شہید میں مجموعی ووٹروں کی تعداد 11 ہزار 273 ہے۔
حیدرآباد کی یو سی 125 اور 140 میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے پولنگ جاری ہے جبکہ حیدرآباد کی یو سی 51 میں وائس چیئرمین اور یو سی 46 میں جنرل ممبر وارڈ 1 کے لیے پولنگ چل رہی ہے۔
مٹیاری ٹاؤن کمیٹی کے وارڈ 7 میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جبکہ ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈوالہ یار کی یو سیز میں کونسلر کے لیے پولنگ ہو رہی ہے۔
لاڑکانہ میں رتو ڈیرو وارڈ نمبر 2 اور قمبر شہداد کوٹ یو سی لاکھا میں جنرل کونسلرز کی نشست پر پولنگ جاری ہے جبکہ جیکب آباد میں میونسپل کمیٹی کے وارڈ نمبر 6 پر جنرل کونسلر کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
شکارپور میں یونین کونسل نمبر 5 میں چیئرمین کے لیے، نوشہرو فیروز کے یونین کونسل نیو آباد میں چیئرمین اور کندھر میں کونسلر کی نشست پر پولنگ جاری ہے۔