• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی بلدیاتی انتخابات، پولنگ کا عمل پرامن رہا، سیکورٹی کے سخت انتظامات

کراچی(خالد محبوب ۔۔۔اسٹاف رپورٹر) کراچی میں جمعرات کو ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے 10 نشستوں پر پولنگ کا عمل پر ا من طور سے جاری رہا، البتہ ضلع جنوبی گذری یوسی 13 پولنگ اسٹیشن کےباہر مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کی آمدپر بدنظمی اس وقت نظر آئی جب مرتضیٰ وہاب میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے اس دوران پی ٹی آئی اورپیپلز پارٹی کےکارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے، مرتضیٰ وہاب نے یوسی 13 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، میڈیا سے گفتگومیں انھو ں نے کہا کہ ہم نے اپنی محنت سے اس حلقے کی خدمت کی ہے اورآج یہاں پھر جشن منائیں گے، جماعت اسلامی ،پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی کے ما بین مقابلہ رہا ،تینوں جماعتوں کے امیداروں کی جانب سے بعض حلقوں میں ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگائے گئے، پی ٹی آئی کی جانب سے حریف جماعتوں پر انتظامی مشنری کے استعمال کی شکایات کی گئی، جماعت اسلامی کی جانب سے ضلع وسطی اور دیگر علاقوں میں مخالفین کی جانب سے ووٹرز کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا گیا ہے،جبکہ پی پی پی نے بھی کئی پولنگ اسٹیشن پر پی پی کے حامی ووٹرز کو ووٹ کاسٹ نہ کرنے کی شکایات کی ،سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز کی سہولت کے لئے پولنگ کیمپ لگائے گئے،الیکشن کمشنرسندھ شریف اللہ نے شہر کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور کہا کہ کوئی دھاندلی کی شکایت نہیں ملی ،تفصیلات کے مطابق الیکشن کیمپوں پر پارٹی پرچم اور امیدواروں کی تصاویر آویزاں تھیں، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، پولیس کی بھاری نفری پولنگ اسٹیشنوں کے باہر موجود تھی ،بعض پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہونے کی شکایت ملی ،کئی پولنگ اسٹیشن پر امیدواروں کے صرف چند ایجنٹ ہی نظرآئے،کراچی میں 4 چیئرمین ، 2 وائس چیئرمین اور 4 وارڈ کونسلر کی نشستوں پر الیکشن ہو، ضلع جنوبی یوسی 13 صدر کلفٹن میں چئیرمین کے لیے 7 ، ضلع وسطی یوسی 5گلبرگ میں وائس چئیرمین کے لیے 6 ،ضلع وسطی یو سی 7 لیاقت آباد میں چئیرمین کیلیے 8 ، ضلع کیماڑی یو سی 10 بلدیہ میں جنرل وراڈ نمبر 4 کیلیے 5 ،ضلع ملیر یوسی 9 میں چئیر مین کیلیے 5 ، ضلع ملیر7 ابراہیم حیدری میں جنرل وراڈنمبر 4 کیلیے 5 ، ضلع غربی یوسی 5 منگھو پیر میں جنرل وراڈ نمبر 4 کیلیے 5 ، ضلع کورنگی یوسی7 میں جنرل وراڈ نمبر1 کیلیے 7 ، ضلع کورنگی یو سی7 ماڈل کالونی میں چئیرمین کیلیے 12 ، ضلع کورنگی یو سی 6 لانڈھی میں وائس چیئرمین کے لیے 8 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوا،شہر میں 167 پولنگ اسٹیشن میں سے 136 انتہائی حساس ، 26 حساس اور 5 نارمل قرار دیئے گئے تھے،انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئےتھے، الیکشن کمشنرسندھ شریف اللہ نے شہر کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور کہا کہ کوئی دھاندلی کی شکایت نہیں ملی، مئیر کراچی یوسی5 گلبرگ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر پہنچے تو پولیس اہلکار نے ایک ووٹر کو موبائل فون کے ہمراہ پولنگ بوتھ میں داخل ہونے سے روکا تو وہاں موجود اس جماعت کے حامیوں نے نعرے لگانے شروع کر دئیے ، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورت حال کو قابو میں کر لیا ، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کا ووٹرز کے ساتھ رویہ خوش گوار نظر آیا، بعض پولنگ اسٹیشن کے عملے نے لوڈ شیڈنگ سے مشکلات، پولنگ کے سامان کی تاخیرسے پہنچنے اور کھانا تاخیر سے ملنے کی شکایت بھی کی ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید