سکھر (سید محمد عارف/بیورو رپورٹ ) ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لینے کیلئے آئی بی اے سکھر یونیورسٹی اور ٹیسٹنگ سروسز کے پہلے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے باعث تحریری ٹیسٹ کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا ہے، سینئر عہدیدار اور ٹیسٹنگ سروس کے سیکرٹری کے درمیان شدید بحث و مباحثہ، تلخ کلامی،سینئر عہدیدارجذبات میں آؤٹ آف کنٹرول ہوگئے، جن کے رویہ پر سیکرٹری نے عہدے سے استعفیٰ دے کر ایس ٹی ایس کی بورڈ آف ڈائریکٹر کو ارسال کردی، دوسری جانب آئی بی اے کا کہنا ہے کہ ادارے کیخلاف پروپیگنڈے کا مقصدایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں خلل ڈالنا ہے، امتحان کا جلد اعلان کیا جائیگا، جبکہ سیکرٹری ڈاکٹر سچا نند کاکہنا ہے کہ کچھ مسائل تھے، اس پر بات ہوئی، پہلے بھی فیکلٹی کے ساتھ ایسا ہوا ہے مگر اس طرح خود کو زخمی کرنا گالیاں دینا پہلی بار ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالہ سے آئی بی اے یونیورسٹی سکھر اور ٹیسٹنگ سروسز کا اجلاس منعقد ہوا،سینئر عہدیداروںکے درمیان خوب بحث و مباحثہ ہوا، تلخ کلامی کی نوبت بھی آئی،انہوں نے غصہ میں ٹیبل پر موجود فائل ودیگر چیزیں اٹھاکر پھینک دیں، صورتحال کینزاکت کے پیش نظر اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ بعد ازاں ٹیسٹنگ سروس کے سیکرٹری نے عہدہ سے مستعفی ہوکر رپورٹ مرتب کی اور ایس ٹی ایس کی بورڈ آف ڈائریکٹر ڈاکٹر مہتاب اکبر راشدی کو ارسال کردی۔ رپورٹ کے متن کے مطابق سینئر عہدیدار نے بد اخلاقی کی، چیزیں پھینک کر ماری گئیں، ان کے رویہ پر شرکاء میٹنگ روم سے چلے گئے، انکی بد اخلاقی و رویہ سے تنگ آکر مستعفی ہورہا ہوں۔ دریں اثناءسیکرٹری ڈاکٹر سچا نند نے بتایا کہ کچھ مسائل تھے، اس پر بات ہوئی، پہلے بھی فیکلٹی کے ساتھ ایسا ہوا ہے مگر اس طرح خود کو زخمی کرنا گالیاں دینا پہلی بار ہوا ہے، میں خود نروس ہورہا تھا، میرا تعلق ڈہرکی سے ہے، میں 9سال سے ملازمت کررہا ہوں، سکھر آئی بی اے کا گریجویٹ بھی رہا ہوں، آکسفورڈ یونیورسٹی مارکیٹنگ میں کام کیا۔ 2016 میں آئی بی اے میں آیا تھا، مارچ 2024 سے ایڈیشنل چارج پہ سیکرٹری تھا۔ تحریری طور پر استعفیٰ دیا ہے، ایف ٹی ایس کی بورڈ آف ڈائریکٹر کی چیئر پرسن مہتاب اکبر راشدی کو بھی رپورٹ بھیج دی ہے۔دریں اثناء آئی بی اے نے پریس ریلیز میں کہا ہے کہبعض شرپسند عناصر سکھر آئی بی اے کے خلاف جھوٹی داستانیں بنا کر امتحان کے ہموار انعقاد میں خلل ڈالنا چاہتے ہیں،ایسی حرکتیں غیر اخلاقی،غیر قانونی ہین،عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پروپگنڈے کو مسترد کردیں، ٹیسٹ کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے سکھر آئی بی اے کی کوششوں کی حمایت کریں، آئی بی اے ٹیسٹنگ سروس شفافیت اور میرٹ کے ساتھ سندھ بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد کریگی ، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان جلد کیاُ جائیگا،پی ایم ڈی سی کے نصاب کے مطابق پرچہ تیار کیا جائے گا،مخصوص ٹی آر اوز کے تحت ہنگامی بنیادوں پر تیاریوں کیلئے اعلی اور نگران کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔