کراچی( افضل ندیم ڈوگر) پنجاب میں اسموگ اور دھند کی وجہ سے مختلف ایئرپورٹس کا فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، مختلف ایئرپورٹس کی 5پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 4کو متبادل ایئرپورٹس پر لینڈ کرایا گیا اور 55پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ موسمی خرابی سے سیالکوٹ کا فلائٹ اپریشن زیادہ متاثر ہے جہاں 3 غیرملکی پروازیں لینڈ نہ کر سکیں اور انہیں متبادل ایئرپورٹس پر اتارا گیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق شارجہ سے سیالکوٹ پہنچی پرواز جی 9552 کو اسلام اباد لینڈ کرایا گیا۔ سیالکوٹ سے شارجہ واپسی کی پرواز جی 9553 منسوخ کر دی گئی۔ مسقط سے سیالکوٹ کی پرواز او وی 505 لاہور اتاری گئی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مسقط سے سیالکوٹ پہنچی پرواز پی ایف 737 کو بھی لاہور لینڈ کرایا گیا۔ جدہ سے 12 گھنٹے تاخیر سے لاہور روانہ ہوئی پرواز پی اے 471 کی اسلام اباد لینڈنگ ہوئی۔ کراچی اسلام اباد کی 5 پروازوں پی کے 300، 301، 308، 309، 370 میں تاخیر ہیں۔ لاہور کراچی کی 3 پروازیں 5 سے سوا 2 گھنٹے تاخیر ہوئی۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق دبئی، استنبول، جدہ، مدینہ سے کراچی کی پروازوں کی امد روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔