کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ اور عمال نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے اپیل کی ہے کہ ریٹائرڈ اساتذہ اور عمال کو 3 ماہ سے رکی ہوئی پنشن کی ادائیگی کے لیے اقدامات کریں۔ اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ اور عمال کا اجلاس کنوینر آرگنائیزنگ کمیٹی ڈاکٹر توصیف احمد خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی جانے والی قرارداد میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی امین الحق کی توجہ اس سنگین صورتحال کی طرف مبذول کروائی گئی کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے وعدہ کے باوجود تین ماہ سے رکی ہوئی پنشن اب تک ادا نہیں کی اور 56 ریٹائرڈ اساتذہ اور عمال کے واجبات کی ادائیگی کے وفاقی محتسب کے فیصلہ پر بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔