• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نقصان سے بچنے کیلئے پرانے نوٹ تبدیل کرالیے جائیں،سکھر چیمبر

Replace Old Notes To Avoid Loss Sukkur Chamber
سکھر ایوان صنعت وتجارت کے صدر عامر علی خان غوری نے کہا ہے کہ تمام تاجر اور صنعت کار یکم دسمبر سے قبل 10,50,100اور 1000روپے کے پرانے ڈیزائن والے نوٹوں کو تبدیل کرالیں کیونکہ اسٹیٹ بینک کے نوٹیفکیشن کے مطابق پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کی قانونی حیثیت یکم دسمبر2016ء کو ختم ہوجائے گی ۔

اس لئے صنعت کار اور تاجر اسٹیٹ بینک کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس جانب توجہ دیتے ہوئے یکم دسمبر سے قبل ان تمام نوٹوں کو تبدیل کرالیا جائے۔

ایوان صنعت وتجارت سکھر کے عہدیداران و قائمہ کمیٹی برائے بینکنگ وفنانس ، صنعت کاروں اور تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے عامر علی خان غوری نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے نوٹیفکیشن کے بعد جن نوٹوں کی یکم دسمبر کو حیثیت ختم ہونے کے حوالے سے اعلان کیا گیا ہے اس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس حوالے سے صنعت کاروں، تاجروں اور عوام کو کسی قسم کے نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بالا حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ تمام بینکوں کو پرانے ڈیزائن کے نوٹ جن کی حیثیت یکم دسمبر کو ختم ہوجائے گی ان کی گردش کو روکنے اور مرحلہ وار تبدیلی کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر حکمت عملی مرتب کی جائے ۔

تمام بینک مرحلہ وار پرانے نوٹ لے کر نئے نوٹ تبدیل کرتے جائیں اور اسٹیٹ بینک تمام بینکوں کو پابند کرے کہ وہ اپنی جانب سے اب پرانے نوٹوں کے اجراء کے بجائے نئے ڈیزائن کے نوٹوں کے اجراء کو یقینی بنائے ۔
تازہ ترین