کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمہوری نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر عجب خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ کئی دہائیوں سے بنیادی سہولیات سے محروم اور معاشی بدحالی اور سماجی محرومیوں کا شکار ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں،حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے صوبے کو دوسرے صوبوں کے برابر لائے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی۔انہوں نے کہا کہ عوام پر مسلط حکمران اور جعلی سیاسی لوگوں کی دولت میں بے تحاشا اضافہ ہورہا ہے، نسل در نسل سیاست پر براجمان باریاں لینے والوں نے ملک کو دیوالیہ کرکے عوام کا استحصال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں بائیں بازو کی ترقی پسند پارٹی جمہوری نیشنل پارٹی مہنگائی، بے روزگاری، غربت کے ہاتھوں شکار ہونے والے لوگوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بے روزگاری کا خاتمہ کرکے صنعتی زون قائم کئے اور بے روزگاروں کو بے روزگاری الاؤنس دیاجائے۔ سیلاب زدگان کے لئے ملنے والے فنڈز میں بے ضابطگیوں کی مذمت کرتے اور مطالبہ کرتے ہیں متاثرین کو ان کا حق دےکر فوری طور پر گھروں کی تعمیر شروع کی جائے۔ بلوچستان کے لوگوں کو دوسرے صوبوں کے برابر تعلیم و صحت سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال کیلئے این او سی دی جائے۔ بجلی، گیس کی مد میں بھاری بلوں کا خاتمہ اور گیس و بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔،آب نوشی، سولر پینل اور زرعی زمینوں کی سیلابی ریلوں سے بچاؤ کے لئے پروٹیکشن وال لگائے جائیں۔