کوئٹہ ( خ ن )بلوچستان سول سروس اکیڈمی میں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے تحت مربوط آبی وسائل کے انتظام پر پہلا سیشن منعقد کیا گیا۔تربیتی سیشن بلوچستان کے آبی مسائل کے حل کے لئے مستقبل کے رہنماؤں کو مہارت اور علم فراہم کرنے کی ایک اہم کاوش ہے۔آئی ڈبلیو آر ایم ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ طریقہ ہے جو معاشی فوائد کو بہتر بنانے کے ساتھ معاشرتی مساوات اور ماحولیاتی استحکام کو یقینی بناتا ہے۔ یہ خاص طور پر بلوچستان جیسے خشک صوبے کے لئے اہم ہے، جو پانی کی قلت اور اس کے انتظام سے متعلق مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔تربیتی سیشن میں پانی کے مختلف استعمال کو متوازن کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا تاکہ پائیدار ترقی حاصل کی جا سکے اور خطے میں زندگی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ شرکاء کو پانی کے وسائل کے بہتر انتظام کے لئے دانشمندانہ فیصلے کرنے کی حکمت عملی سے روشناس کرایا گیا۔