کوئٹہ (خ ن)مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کے مواقع میسر کئے جاررہے ہیں جو ایک تاریخ ساز اقدام ہے، اس پروگرام میں میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے تین مختلف کیٹیگریز کی تھرڈ پارٹی ہائیرنگ فرمز کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں قبائلی عمائدین اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سردار غلام رسول عمرانی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کئے جاررہے ہیں، بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام، یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام سمیت بلوچستان میں افرادی قوت کی بہتری کے متعدد منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے جس کی بدولت بلوچستان کے نوجوانوں کا احساس محرومیوں کا خاتمہ ہوگا ، انہوں نے کہا کہ وسائل محدود اور مسائل زیادہ ہیں تاہم صوبائی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ دستیاب وسائل کو عوام کی اجتماعی بہبود کے منصوبوں پر خرچ کیا جاسکے۔