کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کے پی ، بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نےکہا ہے کہ اگر حکومت سنجیدہ نظر آئی تو کال واپس لینے کے بارے میں سوچیں گے، سابق وفاقی وزیر، سینیٹر فیصل واوڈا نےکہا کہ اگر احتجاج کی کال واپس ہوجاتی ہے تو میرے لئے سرپرائز نہیں ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں ہورہی بلکہ ان کے مشکلات بڑھ رہی ہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے حتمی احتجاج کے لئے اب صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں۔اس سے پہلے اچانک اہم تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔جس سے تاثر مل رہا ہے کہ تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کا رابطہ بحال ہورہا ہے۔یا کوئی پیغام رسانی شروع ہوگئی ہے۔
ایک طرف تحریک انصاف 24نومبر کے احتجاج کے لئے پورا زور لگا رہی ہے۔دوسری طرف بیک ڈور رابطوں کے واضح اشارے مل رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات کے پی ، بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نےکہا کہ بانی پی ٹی آئی سے میں جب بھی ملا ہوں وہ خوشگوار موڈ میں ہوتے ہیں۔احتجاج کی کال کے حوالے سے بانی سے ملاقاتیں کرنا ضروری ہے
باضابطہ طو ر پر مذاکرات نہیں ہورہے ہیں۔حکومت کی طرف سے باربار کہا جارہا ہے کہ احتجاج کی کال واپس لیں۔اگر حکومت سنجیدہ نظر آئی تو کال واپس لینے کے بارے میں سوچیں گے۔ بات چیت کرنا مقصد ہو تو اعتماد سازی کے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔ ابھی تک حکومت کی جانب سے اعتماد سازی کے اقدامات نظر نہیں آرہے۔حکومت سنجیدہ ہوگی تو استغاثہ کو ہدایات دے گی کہ کیسز واپس لیں۔بات ہوگی تو اسٹیبلشمنٹ سے جڑے شخص سے ہوگی چاہے محسن نقوی ہوں یا کوئی اور ہو۔پیش رفت ابھی اس طرح سے نہیں ہے اس کو آپ سنجیدہ کوشش نہیں کہہ سکتے۔ہم بھی اسی لئے اپنے احتجاج کی کال پر اڑے ہوئے ہیں۔
اگر حکومت نے ہر بات کے لئے ہاں یا نہ کے لئے اسٹیلشمنٹ کی طرف ہی دیکھنا ہے۔ پھر بہترہے ہم براہ راست اسٹیبلشمنٹ کے نمائندوں کے ساتھ بات کریں۔مذاکرات کا آغاز تب ہوگا جب عمران خان کی رہائی ہوگی۔ میں یہی کہوں گا کہ احتجاج برقرار ہے24تاریخ کو ہم احتجاج کے لئے نکلیں گے۔
سابق وفاقی وزیر، سینیٹر فیصل واوڈا نےکہا کہ جس نورا کشتی کی بات کرتا رہا ہوں وہ اب بھی جاری ہے۔جیلیں گنڈا پور کی مرضی سے کھل رہی ہیں اور وہ آرہے ہیں، جارہے ہیں۔اس پرفارمنس کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی کو تو کچھ نہیں مل رہا۔ان سب کو سب کچھ مل رہا ہے اقتدار بھی مل رہا دولت بھی مل رہی ہے۔ اگر احتجاج کی کال واپس ہوجاتی ہے تو میرے لئے سرپرائز نہیں ہوگا۔