گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے دسمبر کے پہلے ہفتے صوبے میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔
گورنر کے پی نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ ترقیاتی کاموں کا افتتاح کر رہے ہیں اور ہمارے صوبے سے دھرنوں، اسلام آباد پر چڑھائی، ریاست کے خلاف لڑائی کی خبریں آتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اسلام آباد پر چڑھائی کرتی ہے تو ریاست کو سخت ایکشن لینا چاہیے۔
گورنر کے پی نے کہا کہ خیبر پختون خوا کی سیکیورٹی کی صورتِ حال کوئی اتنی اچھی نہیں ہے، اس حوالے سے وزیرِ اعظم کو بھی خط لکھا اور ملاقاتیں ہوئیں، صدرِ مملکت سے بھی ملا، اس مسئلے پر صوبائی حکومت کا غیر ذمے دارانہ رویے ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اسلام آباد میں چڑھائی یا اپنے بانی کی رہائی کے لیے جلسے جلوس کرتی ہے، جبکہ انہوں نے اپنا صوبہ دہشت گردوں کے حوالے کر دیا ہے، لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں صوبائی حکومت ناکام ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے خیبر پختون خوا میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کریں گے، مرکز سے ہمارے جو ایشوز ہیں اس پر صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کو جمع کرکے صوبے کا مقدمہ دلیل و دلائل کے ساتھ وفاق کے سامنے پیش کریں گے جبکہ اس کانفرنس میں صوبائی وزیرِ اعلیٰ کو بھی مدعو کریں گے۔