• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی مقاصد کیلئے سرکاری وسائل کا استعمال روکیں، چیف سیکرٹری KP کا آئی جی اور کمشنرز کو خط

پشاور، اسلام آباد (ارشد عزیز ملک، این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر، خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری نے آئی جی، صوبائی سیکرٹریز اور کمشنرز کو خط لکھا ہے ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیاسی مقاصد کیلئے سرکاری وسائل کا استعمال روکیں، سیاسی دباؤ یا ترغیب میں نہ آئیں، کسی سرکاری ملازم نے اختیارات یا عہدہ کا غلط استعمال کیا تو اس کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ دریں اثناء وفاقی وزارت داخلہ نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو دوران احتجاج صوبے کی سرکاری مشینری کا سیاسی استعمال نہ کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے تمام سرکاری افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت یا سیاسی سرگرمی کی براہ راست یا بالواسطہ حمایت سے گریز کریں۔ چیف سیکرٹری نے سرکاری وسائل، اثاثوں یا اختیارات کے سیاسی مقاصد کیلئے غلط استعمال کیخلاف خبردار کیا ہے اور تمام افسران کو غیرجانبداری پر سمجھوتہ کرنے کے کسی بھی دباؤ یا ترغیب سے بچنے کی تاکید کی ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے گزشتہ احتجاج کے دوران تمام سرکاری وسائل استعمال کیے تھے اور وفاقی حکومت نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ ایک خط کے ذریعے جو تمام محکموں کے سربراہان، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھیجا گیا، ندیم اسلم چوہدری نے پیشہ ورانہ ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے اور سیاسی غیر جانبداری برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اہم خبریں سے مزید