کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت ہر 3 ماہ میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانا لازمی ہے، وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آئین کی دفعہ 154(4) کے تحت ہر 90 روز میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانا لازمی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ 9ماہ ہو چکے ہیں اور مشترکہ مفادات کونسل کا ایک اجلاس بھی نہیں بلایا گیا، انہوں نے نشاندہی کی کہ آئین کی رو سے اب تک 3اجلاس ہو جانے چاہئیں تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کو ہر صورت میں اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانا چاہیے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے پروبیشنری آفسرز نے بھی ملاقات کی۔ مراد علی شاہ نے افسران کے وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطالعاتی دورے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے افسران کے مستقبل کے بارے میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا تاہم واضح کیا کہ کیریئر میں پروفیشنلزم اور ایمانداری اہم ہے۔ ہمارے ملک کو باصلاحیت آڈٹ و اکاؤنٹس افسران کی ضرورت ہے اور یقین ہے آپ اس پر پورا اتریں گے۔ ملاقات میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف ، ریکٹر اکیڈمی سمینا فیاض، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکریٹری مالیات فیاض جتوئی، پیپلز ہاؤسنگ کے سی ای او خالد شیخ اور دیگر حکام شریک تھے۔