آج کل نت نئے ٹرینڈز صرف گھر کی آرائش یا اس کی بیرونی دلکشی کیلئے ہی اختیار نہیں کیے جاتے بلکہ گھر کے اندر موجود ہر چیز اور ان کی جزئیات کا خیال رکھا جاتا ہے۔
اگر بات ہو زینے کی ریلنگ کی تو عام طور پر اکثر گھروں میں اسے بنا کسی منصوبہ بندی یا تھیم کے بنالیا جاتا ہے مگر وقت کے ساتھ ساتھ اب اس کیلئے بھی کافی ریاضت کرنی پڑتی ہے تاکہ زینے کی ریلنگ گھر کے درودیوار اور ان پر لگے میورلز یا وال پیپر ز سے میل کھاتی ہو۔ بڑے بڑے گھرانوں میں دوطرفہ زینے سے اترتی ریلنگ کے کئی انداز آپ نے دیکھے ہونگے، آئیں چند ایک کا ذکر کرتے ہیں۔
شیشے کے پینل
اگر گھر کے لیونگ روم کے دروازے شیشے کے ہوں اور دیواروں پر شیشے سے بنے میورلز یا ڈیزائن ایلیمنٹ ہوں تو ایک جدید اور شاندار صاف ستھری سیڑھیوں کی ریلنگ کے ساتھ اور اس کے اطراف میں شیشے کا پینل کشادہ جگہ فراہم کرسکتا ہے جبکہ اس سے منعکس ہونے والی روشنی ریلنگ کی تراشیدہ اور کاشی کاری سے مزین ڈیزائن کو اور بھی دلکش بنا سکتی ہے۔ البتہ شیشہ جلد دھند لاسکتا ہے، اس لیے عمدہ معیار کاشیشہ استعمال کرنا ضروری ہے اور اس کی باقاعاعدگی سے صفائی بھی درکار ہوتی ہے۔
لکڑی کی ریلنگ
لکڑیوں سے بنی ریلنگ کا استعمال صدیوں سے ہورہا ہے۔ یہ کلاسک لُک دینے کے ساتھ ساتھ ماڈرن اسٹائل میں بھی ملتی ہیں۔ لکڑی کا فائدہ یہ ہوتاہے کہ اسے کسی بھی انداز میں ڈھال لیا جاتا ہے اور اس پر کوئی بھی رنگ کیا جاسکتا ہے۔
لکڑی کی کئی اقسام ہیں، اس لیے آپ کو اپنے بجٹ کے مطابق ریلنگ کی لکڑی کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی اسے داغ دھبوں اور دیمک سے بچانے کیلئے بھی اقدامات کرنے ہوں گے۔
کیبل
جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ اس قسم کی ریلنگ میں عمودی پیٹرن کے ساتھ کیبلز کی ایک سیریز لگائی جاتی ہے۔ یہ کیبلز بہت باریک ہوتی ہیں اور اس کے ساتھ میٹل کے پوسٹ لگائے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ کیبلز دھات کی چھوٹی بیمز کے ساتھ بندھی ہوئی بھی آتی ہیں، لیکن کچھ اسٹائل موٹی کیبل کے ساتھ آتے ہیں ۔ باریک ہونےکی وجہ سے یہ جلد نظر میں آجاتی ہیں اور ان سے ہوا بھی نہیں رکتی۔
رسیوں کی ریلنگ
کسی بھی ڈیک پر رسیوں کی ریلنگ قدرتی احساس دیتی ہے۔ اچھی طرح بنی ہوئی موٹی رسیوں کو خوبصورت انداز میں فائبر سے بنی پوسٹ کے ساتھ سیریز میں لگا دیا جاتا ہے۔ ہو اسے جب یہ رسیاں جھولتی ہیں تو اور بھی اچھی لگتی ہیں۔ رسیوں کی موٹائی مختلف ہوتی ہے، یہ آپ کی مرضی ہے کہ اپنے گھر کے حساب سے کتنی موٹی رسیوں کا انتخاب کرتے ہیں۔
مونو کروم
اگر آپ زائد رنگوں یا ان کے امتزاج کو پسند نہیں کرتے تو صرف ایک ہی رنگ کے مختلف شیڈز کے ساتھ اپنے لیونگ روم میں اترتی ریلنگ کو عمدہ ذوق دے سکتے ہیں۔ دراصل کھلی ترتیب میں مونو کروم منصوبہ بہت اچھے طریقے سے کام کرتا ہے اور بغیر کسی رکاوٹ کے سیڑھیوں کے جمالیاتی حسن میں اضافہ کرتا ہے۔
دلکش انداز
زینے کی ریلنگ سیدھی سادی ہی کیوں نہ ہو، آپ جدید اور اسٹائلش انداز سے اسے سجا سکتے ہیں۔ ریلنگ کی دلکش تنصیب لکڑی کے معیاری تختوں اور جدیدا سٹائل کے ساتھ بھی کی جاسکتی ہے۔ اطراف شیشے لگا کر اس کو جدید انداز دیا جاسکتا ہے۔
اس کے ساتھ، اگر آپ چھوٹی روشنیوں کی تنصیب کو پسند کرسکتے ہیں تو ان کی تنصیب کے بعد زینے کا جائزہ لیں گے تو آپ خود اپنے ذوق کی داد دیں گے۔ آپ ایک قالین کاٹکڑا ریلنگ کی مطابقت سے زینے کے آخر میں بھی رکھ سکتے ہیں۔
رسٹک
رسٹک ایک سادہ، دیہی اور غیر روایتی انداز کہلاتاہے۔ یہ زیادہ تر لکڑیوں کو تراش خراش کر بنایا جاتا ہے، لیکن فنشنگ نہیں دی جاتی۔ اس میں کچھ غیر ہموار سطحیں چھوڑ دی جاتی ہیں۔
اسی اسٹائل کو دھاتی انداز میں بھی بنایا جاسکتا ہے ، لیکن وہ تاثر پید انہیں ہوتا،جو قدرتی لکڑی میں ہوتاہے۔ اس ریلنگ پر دلکش نقش ونگار بہت خوبصورت اور دیدہ زیب منظر پیش کرسکتے ہیں جوکہ آثارِ قدیمہ کا ایک نادر نمونہ لگیں گے۔
چِپینڈل
چپینڈل (Chippendale) ریلنگ میں ایکس شکل کا پیٹرن استعمال کیا جاتا ہے۔ اس میں لائنوں کی ایک سیریز ہوتی ہے جو ایک دوسرے کو قطع کرتی ہیں تو Xکی شکل سامنے آتی ہے، یہ دیکھنے میں دلکش لگتا ہے۔ آپ اپنے گھر کی تھیم کے مطابق اس میں رنگ کرواسکتے ہیں، اس کی خامی یہ ہے کہ اس کی صفائی تھوڑی مشکل ہوتی ہے۔
کرافٹس مین
اس اسٹائل میں پتلی لائنوں والی سیریز عمودی پیٹرن میں استعمال ہوتی ہے۔ یہ ایک دوسرے سے مماثل اور جوڑ کی شکل میں ہوتی ہیں جبکہ افقی سطح پردو لائنوں سے انہیں مربوط کیا جاتا ہے۔ گھر کے باہر حفاظتی باڑ کی طرح بنی یہ ریلنگ کئی رنگوں میں بنائی جاسکتی ہے، لیکن زیادہ تر لوگ کتھئی رنگ پسند کرتے ہیں۔
ٹَرنڈ بیلوسٹرز
ٹَرنڈ بیلوسٹرز(Turned Balusters) بھی روایتی انداز والے ڈیزائنز میں سے ایک ہیں۔ اس میں سلینڈر والی شیپ گولائی والی سیریز کے ساتھ استعمال کی جاتی ہے۔ ٹرنڈ بیلسٹرایک دوسرے سے مختلف ہوسکتے ہیں۔
ریلنگ کو سپورٹ دینے کیلئے نیچے اور اوپر مضبوط پارٹس لگائے جاتے ہیں تاکہ ریلنگ اوپر اور نیچے سےمضبوط رہے ۔ یہ ریلنگ گھر کو خوبصورتی بخشتی اور روایتی انداز کو دلکش اور کلاسک بناتی ہے۔
سفید و سیاہ کا سنگم
اگر آپ کے گھر کی دیواریں سفید ہیں اور ان پر سیاہ ٹیکسچر یا سرمئی جیومیٹریکل شیپ کے ڈیزائن ہیں تو زینے کی ریلنگ سفید پینل کے ساتھ سادہ اور خوبصورت لکڑی پر مشتمل ہوسکتی ہے، جو سیاہ دھاتی لوہے پر خوبصورتی سے آراستہ ہو کر ایک دلکش انداز دے گی۔