• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن: اسپیکر قومی اسمبلی و دیگر کے پیغامات

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

آج دنیا بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

خواتین پر تشدد انسانی حقوق کے منافی ہے: اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیرِ اعلیٰ و گورنر سندھ سمیت دیگر رہنماؤں نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغامات جاری کیے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین پر تشدد انسانی بنیادی حقوق کے منافی ہے، مہذب معاشرہ بنانے کے لیے خواتین پر تشدد کے خاتمے اور ان کا تحفظ یقینی بنانا ہو گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی نصف سے زیادہ آبادی خواتین پر مشتمل ہے، ان پر کسی بھی قسم کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی حیثیت بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر قومی ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا، تمام اسٹیک ہولڈرز خواتین کے حقوق کی حفاظت یقینی بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں، پاکستان کا آئین خواتین کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، پارلیمنٹ نے خواتین کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے والے متعدد قوانین منظور کیے ہیں۔

خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں: وزیرِ اعلیٰ سندھ

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے خواتین کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو بڑی اہمیت دی ہے، ملکی ایوانوں میں پیپلز پارٹی نے خواتین کو بڑی تعداد میں نمائندگی دی ہے۔

خواتین کیخلاف تشدد سنگین عالمی مسئلہ ہے: گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد ایک سنگین عالمی مسئلہ ہے، اس مسئلے کے خاتمہ کے لیے عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دینا ہوگا، اس کے خلاف سخت اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کو ختم کرنا ہمارا مشترکہ مقصد ہونا چاہیے، اس کا خاتمہ ہی ہمارے معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں خواتین پر تشدد کے خلاف بھرپور قانون سازی کی جا رہی ہے، خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں معاشرہ میں باوقار مواقعوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

خواتین پر تشدد سماجی مسئلہ ہے: شیری رحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد صرف ایک فرد کا ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سماجی مسئلہ ہے۔

انہوںنے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا خواتین کے حقوق کے تحفظ، محفوظ اور مساوی معاشرہ تشکیل دینے پر واضح مؤقف ہے، ہم نے ہمیشہ اس مسئلے کے حل کے لیے آگاہی، وکالت اور قانون سازی کے ذریعے اہم اقدامات کیے ہیں۔

عورت پر تشدد بزدلی کی نشانی ہے: شازیہ مری

پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ عورت پر تشدد بہادری کی نہیں بلکہ بزدلی کی نشانی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین پر ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید