آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں لڑکیوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
لڑکیوں کے عالمی دن کو منانے کا مقصد دنیا میں لڑکیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، اُنہیں بااختیار بنانے اور ان کے انسانی حقوق کی تکمیل کو فروغ دینے کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔
1995ء میں بیجنگ ممالک میں خواتین سے متعلق عالمی کانفرنس میں متفقہ طور پر بیجنگ ڈیکلیئریشن اینڈ پلیٹ فارم فار ایکشن کو اپنایا گیا جو کہ ناصرف خواتین بلکہ لڑکیوں کے حقوق کو آگے بڑھانے کا اب تک کا سب سے زیادہ ترقی پسند خاکہ ہے۔
تاریخ میں پہلی بار بیجنگ ڈیکلیئریشن میں خاص طور پر لڑکیوں کے حقوق پر زور دیا گیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 19 دسمبر 2011ء کو لڑکیوں کے حقوق اور دنیا بھر میں درپیش انوکھے چیلنجوں کو تسلیم کرنے کے لیے 11 اکتوبر کو دنیا بھر میں لڑکیوں کے عالمی دن کے طور پر منانے کے لیے قرارداد 66/170 منظور کی۔
اس قرارداد کے تحت یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ نوعمر لڑکیوں کو محفوظ، تعلیم یافتہ اور صحت مند زندگی کا حق ہے، ناصرف ان اہم ابتدائی سالوں کے دوران بلکہ اچھی زندگی گزارنے کا حق ان کے پاس بڑی عمر کی سمجھدار خواتین ہونے کے بعد بھی ہے۔
اگر نوعمری میں لڑکیوں کی مؤثر انداز میں معاونت کی جائے تو ان میں آج کی بااختیار لڑکیاں اور کل کی بہترین مائیں، گھر کی سربراہ، کامیاب کاروباری، اور سیاسی رہنما کے طور پر دنیا کو تبدیل کرنے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔
نو عمر لڑکیوں کی طاقت اور اہمیت کو سمجھنے کے لیے کی گئی سرمایہ کاری ان کے حقوق کے حصول میں مددگار اور خوشحال مستقبل کی ضامن ہے۔
اس سال لڑکیوں کے عالمی دن کی تھیم ’مستقبل کے لیے لڑکیوں کا ویژن‘ ہے۔
یہ تھیم لڑکیوں کی آواز کو سننے کی ضرورت اور مستقبل کے لیے ان کے ویژن کی طاقت کو سمجھنے کے لیے فوری اقدامات کرنے پر زور دیتی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لڑکیوں کے عالمی دن پر اپنا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیٹیوں کےخوابوں اور صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ان کاحق ہی نہیں بلکہ قومی فرض بھی ہے۔
اُنہوں نے پاکستان کی بیٹیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی بیٹیوں کی ہمت، عزم اور قابلیت دنیا کو بدل سکتی ہے اس لیے آگے بڑھیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت بچیوں اور خواتین کے تحفظ، تعلیم، صحت اور فلاح و بہبود کے لیے بہترین روڈ میپ پر عمل پیرا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ ہر بیٹی اپنےخوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے قابل ہو، معاشرہ ان کا ساتھ دے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی بچیوں کے عالمی دن پر اپنا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ بچیوں کو بااختیار بنانا معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے، ہر میدان میں بچیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ذمے داری ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیم اور تحفظ سے ہی ہم اپنی بچیوں کا روشن مستقبل یقینی بنا سکتے ہیں۔