کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہاہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میں ایک بڑی قوت بن کر فعال اور منظم شکل اختیار کر چکی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے ہم کسی کے لاڈلے نہیں بلکہ عوامی قوت اور بھروسے پر سیاست کرتے ہیں،پارٹی کا57واں یوم تاسیس 30 نومبر کوکوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جوش و خروش سے منایا جائے گا۔یہ بات انہوں نے پیر کو پاکستان پیپلزپارٹی میڈیا سیل کے زیراہتمام یوم تاسیس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں کوئٹہ ڈویژن کے صدر خیر محمد ترین، لورلائی ڈویژن کے صدر رحمت اللہ کدیزئی ،جنرل سیکرٹری عبدالغفورجعفر،ژوب ڈویژن کے جنرل سیکرٹری عمر موسی زئی ، رخشان ڈویژن کے صدر نعیم بلوچ سپورٹس اینڈ کلچرونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ، علماء ونگ کے صوبائی صدر مولوی جمال ، ربانی خان خلجی، ملک زیشان حسین، حیات خان اچکزئی، ندیم احمد خان، سمیت دیگر صوبائی رہنماوں نے شرکت کی۔سردار سربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر30نومبرکو پارٹی کا 57واں یوم تاسیسں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جوش و خروش سے منایا جائیگا۔