کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ اور ایس ای واپڈا سید مطاہر مشہدی کے درمیان ہونے والے تنازع کی انکوائری کے لئے حکومت بلوچستان نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی، دو رکنی انکوائری کمیٹی کی سربراہی ا سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ معصوم حمیدکرینگے جبکہ اسپیشل سیکرٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ عبدالسلام اچکزئی کمیٹی کے رکن ہونگے۔ انکوائری کمیٹی ڈپٹی کمشنر لورالائی ڈپٹی کمشنرآفس کے عملے ،ایس ایس پی لورالائی،سپرنٹنڈنگ انجینئر ایس ای کیسکو اور کیسکو کے عملے کے بیانات ریکارڈ کرکے 7روز میں ذمہ داروں کا تعین اور رپورٹ پیش کریگی۔یاد رہے کہ 20نومبر کو ڈپٹی کمشنر لورالائی اور ایس ای واپڈا لورالائی کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع کے بعد واپڈا اہلکاروں نے مین ہائی وے بند کرکے ڈپٹی کمشنر کے خلاف احتجاج کیا تھا۔