کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑاور چیف ایگزیکٹو آفیسرعبدالکبیر خان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث یہ صوبہ خطے میں اہم تجارتی مرکزبننے کی صلاحیت رکھتا ہے، سرمایہ کاروں اور بزنس مینوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کے مختلف شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہم کر رہی ہے، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سرکاری و نجی شعبوں کو سرمایہ کاری کی سہولیات، طریقہ کار سمیت کوآرڈینیشن میں تعاون کررہا ہے۔ہمارا مشن ہے کہ کاروبارمیں ابتدائی رکاوٹوں کودور کر کے کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کی جائے تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری کے ماحول میں مستقل بہتری لائی جا سکے۔