کوئٹہ ( پ ر ) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن یکجہتی پینل کے مرکزی انتخابی دفتر سے جاری بیان میں منگل کو ہونے والے کالج اساتذہ کے انتخابات میں بلوچستان بھر کے معزز اساتذہ کی سرگرمیوں اور یکجہتی انتخابی وفود کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اساتذہ کے مسائل کے حل اور تعلیمی مستقبل کے حوالے سے دلچسپی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن یکجہتی پینل کے مرکزی امیدوار برائے صدارت پروفیسر ڈاکٹر سید جمیل آغا نے انتخابی سرگرمیوں کے آخری دن کے موقع پر آرگنائزنگ کمیٹی، گرلز و بوائز کالجز میں تدریسی خدمات سرانجام دینے والے مرد و خواتین اساتذہ سے حالیہ بی پی ایل اے الیکشن کے دوروں کے مواقع پر ملاقاتوں کو بیش بہا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کالج اساتذہ کے سامنے ٹھوس اور سائنسی بنیادوں پر یکجہتی منشور کو پیش کرتے ہوئے جو مسرت ملی ہے اس کا جواب نہیں انہوں نے کہا کہ یہی جذبہ اور محبت کا رشتہ رہا تو کوئی وجہ نہیں کہ ہر آنے والا دن روشن اور تابناک ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جیت کی صورت میں منشورپر عملدرآمد کےلیے دن رات کام کیاجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ مربوط اور منظم کابینہ کے ساتھ قابل عمل منشور کے ساتھ بی پی ایل اے یکجہتی پینل نے اس بار تعلیمی صورت حال کی بہتری اور بہترین نتائج کے لیے سروس رولز 2023 ء میں ترامیم، ترقیوں میں تیزی اور کام کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کے لیے فائیو ٹائر فارمولا کا اطلاق، 20 گریڈ/سکیل کے لئے ڈی آر اے کے حصول، بلوچستان کالج پروفیسرز کے لئے سابقہ کابینہ کے منظور کردہ پروفیسرز ہاؤسنگ اسکیم کی زمین کو دیگر سرکاری ملازمین کی طرح بلا قیمت کروانا، تمام بڑے کالجز میں چار سالہ بی ایس پروگرام کو موثر انداز میں چلانے کے لیے بی ایس فنانشل پیکیج اور مختلف جاری ڈسپلن میں اساتذہ کی تعداد کی کمی کو دور کرنے کے علاوہ بلوچستان بھر کے انٹرمیڈیٹ لیول کے تمام کالجز کے بنیادی مسائل کے لیے ایس این ایز کی ترتیب ، نوجوان لیکچررز کے لیے 2019ء سے ختم کی گئی ٹائم اسکیل ترقیوں پر قدغن کو ختم کرنا تاکہ وہ درس و تدریس جیسے اعلیٰ پیشے کو ترک کرتے ہوئے اس محکمہ کو خیر باد نہ کہیں، بلوچستان کے طول و عرض میں کالج اساتذہ کی خدمات اور صوبے کی تعلیم و ترقی کے پیش نظر ہارڈشپ الاؤنس سمیت دیگر مانیٹری فوائد کے لیے ماہرین کی مشاورت سے حکمت عملی وضع کرتے ہوئے اسے قابل عمل بنانا، بلوچستان کے کالج اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے بلوچستان اکیڈمی فار ٹیچرز ٹریننگ کو جدید خطوط استوار کرنے کے حوالے سے اصلاحات کا نفاذ سمیت کالج ڈائریکٹوریٹ میں وقت کی ضرورت کے مطابق از سرنو پوسٹوں اور دائرہ ء کار کی ترتیب نو کے علاوہ پچھلی کابینہ کے اقدامات اور پیشرفت کے تسلسل کو جمہوری اور آئینی لحاظ سے آگے بڑھاتے ہوئے بلوچستان کے کالجز کو تمام تر چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار کروانا ہے۔