کوئٹہ/کوہلو(اسٹاف رپورٹر/نامہ نگار) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن عبدالواحد کاکڑنے کہاہے کہ کوہلو میں اساتذہ کی کنٹریکٹ آسامیوں میں بھرتیوں میں رشوت لینے اور کوہلو سبی اور کوہلو رکنی قومی شاہراہ میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات شروع کردیں ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہلو : ڈسٹرکٹ اینٹی کرپشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو شکایات موصول ہوئیں تھیں کہ کوہلو میں اساتذہ کی کنٹریکٹ آسامیوں میں بھرتیوں میں رشوت وصول کی جا رہی ہے جس پر وزیر اعلیٰ نے ہمیں اس کی تحقیقات کی ہدایت کی انہوں نے بتایا کہ تحقیقات شروع کی گئیں حال ہی میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر اساتذہ کی تعیناتیوں کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا ہے ڈی جی نے مزید بتایا کہ کوہلو سبی روڈ اور کوہلو رکنی قومی شاہراہ کی تعمیر میں بھی کرپشن کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ہماری تفتیشی ٹیم تحقیقات کر رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن صوبے بھر میں انسداد کرپشن کیلئے کوشاں ہے ہماری کوشش ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے آنے والی رقم شفاف انداز میں خرچ ہو اس میں کسی قسم کی بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائیگی ۔