• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ اور یارکشائر کے لیے امبر الرٹ جاری، آمدورفت میں خلل برقرار، حادثات میں 5 افراد ہلاک

لندن /بریڈفورڈ (عبید مغل/نیوزڈیسک)برطانیہ میں طوفان برٹ کے سبب ہونے والی شدید بارشوں کے بعد نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق طوفان برٹ کے سبب شدید بارشیں ہونے کے بعد نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جب کہ مختلف واقعات میں اب تک 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق طوفان کے سبب لندن سے ویسٹ انگلینڈ اور ویلز تک آمدورفت میں خلل برقرارہے اور برطانیہ بھر میں روڈ، ریل، ائیر، فیری سروس متاثر ہے۔ انگلینڈ میں 161 فلڈ وارننگز اور 213فلڈ الرٹس جاری کیے گئے جب کہ ویلز میں 22فلڈ وارننگز اور اسکاٹ لینڈ میں فلڈ کی 4 وارننگز جاری کی گئی ہیں۔ برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ جنوبی ویلز میں مختلف مقامات پر 100 ملی میٹر تک بارش ہوئی جب کہ اسکاٹ لینڈ میں70 میل فی گھنٹہ کی رفتار والی شدید ہواؤں کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ بریڈفورڈسے نمائندہ جنگ کے مطابق برطانیہ کی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی (UKHSA) نے بریڈ فورڈ اور یارکشائر کے لیے امبر الرٹ جاری کیا ہے۔یہ الرٹ منگل سے جمعہ صبح 9 بجے تک جاری رہے گا۔ برطانوی ہیلتھ سیکیوریٹی ایجنسی کے مطابق متوقع موسم صحت اور سوشل کیئر کی خدمات پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔اس میں انتہائی کمزور افراد کو فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات کے متاثر ہونے کے علاوہ انتہائی کمزور افراد کی زندگی کو خطرات شامل ہیں۔ میٹ آفس نے پیش گوئی کی ہے کہ درجہ حرارت منگل کی رات سے بدھ کے دن تک دوبارہ کم ہو جائے گا۔کل کے لیے کم از کم درجہ حرارت منفی ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، لیکن درجہ حرارت منفی تین -3°C تک گر سکتا ہے، جبکہ بدھ کو یہ مزید گر کر منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ -4°C تک پہنچ سکتا ہے۔جمعرات کو درجہ حرارت دوبارہ بڑھنے کی توقع ہے، جہاں سب سے کم درجہ حرارت منفی ایک -1°C تک ہوگا۔جمعہ کے موسم کی پیش گوئی کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تیرہ سینٹی گریڈ 13°C ہو سکتا ہے، کم از کم درجہ حرارت منفی 1°C متوقع ہے۔ امبر کولڈ الرٹ شمال مشرق، شمال مغرب، ایسٹ مڈلینڈز اور ویسٹ مڈلینڈز کے لیے بھی جاری کیا گیا ہے۔

یورپ سے سے مزید