بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) خواتین پر تشدد کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف16دن کی آگاہی مہم کا آغاز، خواتین پر تشدد کا عالمی دن اقوام متحدہ کے تحت ہر سال25نومبر سے10دسمبر انسانی حقوق کے عالمی دن تک آگاہی مہم کے طور پر منایا جاتا ہے اس سال کی تھیم، ’’خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے سرمایہ کاری‘‘ ہے جس کا مقصد ہر ملک اور ثقافت میں ان کے خلاف تشدد اور جبر کو ختم کرنا ہے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد اب بھی دنیا میں سب سے زیادہ عام اور وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے ۔بریڈفورڈ یونیورسٹی کی سوشل جسٹس سوسائٹی بھی جنس کی بنیاد پر تشدد کے خلاف اقوام متحدہ کی 16 دن کی سرگرمی کی حمایت میں 25 نومبر سے مہم کا آغاز کر دیا ہے اور مختلف پروگرامز کا انعقاد کر رہی ہے اس سلسلہ میں 29 نومبر بروز جمعہ کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بریڈ فورڈ میں پیدا ہونے والے باکسنگ چیمپئن تاصیف خان اپنی کامیابیوں پر گفتگو کریں گے اور خواتین کے لیے اپنے دفاع کے حوالے سے ایک سیشن کی قیادت کریں گے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر اکرام بٹ جنہوں نے 1990 کی دہائی میں رگبی کے کھیل میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے پہلے برطانوی ایشیائی کے طور پر تاریخ رقم کی وہ بھی خصوصی شرکت کریں گے اور خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے موضوع پر بات کریں گے۔ ان تقریبات کا اہتمام یونیورسٹی کی سوشل جسٹس سوسائٹی کی صدر سمیعہ محبوب اور ان کی ٹیم اور سوشل ورک کے اسسٹنٹ پروفیسرز گل کرک مین اور برائن مچل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سمیعہ محبوب کا کہنا تھا خواتین پر تشدد موجودہ دور میں ایک وبائی بیماری کی طرح ایک اہم مسئلہ ہے جس کی جانب ہم طلبہ کی توجہ مبذول کرا رہے ہیں اور پروگرامز کے ذریعے ان کو اس حوالے سے جامع معلومات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔