لندن (سعید نیازی) امریکہ میں ’’تھینکس گیونگ‘‘ کی چھٹی کے اگلے روز کو کرسمس کی شاپنگ سیزن کا پہلا دن تصور کیا جاتا ہے اور اس دن ریٹیلرز اپنی اشیا کی فروخت کیلئے خصوصی رعایتی پیشکشیں کرتے ہیں۔ گزشتہ چند دہائیوں سے یہ دن برطانیہ میں بھی منایا جا رہا ہے اور لوگ اپنی پسندیدہ اشیا کی خریداری کیلئے اس دن کا انتظار کرتے ہیں۔ اس سال لوگ جن اشیا کی خریداری کیلئے منتظر ہیں ایک رپورٹ کے مطابق ان اشیا میں ایپل ایئرپوڈز، ننجا ایئرفرائر، موبائل فون، شارک کاڈلیس، ویکیوم، ٹی وی، لیپ ٹاپس، ملبوسات، جیولری اور بیوٹی کی اشیا شامل ہیں لیکن کنزیومر گروپ ’’وچ‘‘ نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ سوچ سمجھ کر خریداری کریں کیونکہ گزشتہ برس 10 میں سے 9 ڈیلز کی قیمت گزشتہ بارہ ماہ کے دوران سستی یا اتنی ہی قیمت پر دستیاب تھیں۔ صارفین نے 2023 میں بلیک فرائیڈے کے موقع پر 13.3 بلین پاؤنڈ کی شاپنگ کی تھی ۔ لیکن سیل کے نام پر فروخت ہونے والی بیشتر اشیا کی قیمتیں گمراہ کن تھیں۔ وچ نے گزشتہ برس 20 نومبر سے یکم دسمبر کے درمیان 227 ڈیلز کا مشاہدہ کیا جس سے معلوم ہوا تھا کہ 92 فیصد 8 بڑے ہوم اینڈ ٹیکنالوجی ریٹیلرز کی قیمتیں دیگر مواقع پر سستی تھیں یا پھر اسی قیمت پر فروخت ہو رہی تھیں۔ بلیک فرائیڈے سے شروع ہونے والی سیل دو دسمبر تک جاری رہتی ہے۔