لندن (پی اے) ٹرانسپورٹ فار لندن (ٹی ایف ایل) نے بتایا ہے کہ خواتین کو تحفظ کا احساس دلانے کیلئے لندن کے مزید 15 بس اسٹاپس پر CCTV کیمرے نصب کئے جائیں گے، امید کی جاتی ہے کہ اس سے مسافروں خاص طورپر لڑکیوں او ر خواتین کے تحفظ میں اضافہ ہوگا اور وہ بے خوف ہو کر پورے اعتماد کے ساتھ 24 گھنٹے سفر کرسکیں گی۔ اس ٹیکنالوجی کو 12 ماہ تک ایسے مقامات پر آزمایا جائے گا، جہاں لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، اس کے علاوہ پرسکون علاقے، زیادہ جرائم کے مقامات اور ایسے مقامات، جہاں لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں، یہ کیمرے لگائے جائیں گے۔ میٹروپولیٹن پولیس کیمروں سے براہ راست فوٹیج حاصل کرسکے گی، جس سے افسران کو جرائم کی روک تھام اور نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ کیمرے پولیس کی تحقیقات میں مدد کے لئے 31 دن تک ریکارڈنگ برقرار رکھیں گے۔ ان کا پہلا ٹرائل مارچ میں اس وقت دارالحکومت کے 5 بس اسٹاپس پر نصب کیا گیا تھا، جب نیٹ ورک پر سفر کرنے والے لوگوں کو یقین دلانے کے لئے نائٹ پٹرولنگ افسران متعارف کرائے گئے تھے۔ یہ کیمرے اب برینٹ، کراوئڈن، ہیکنی، ہیمرسمتھ فلہم، ہلنگڈن، لیمبیتھ، نیوہیم، ریڈ برج، ٹاور ہیملٹس، والتھم فاریسٹ اور ویسٹ منسٹر کے بس اسٹاپس پر نصب کئے جائیں گے۔ ٹی ایف ایل کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی لندن کے میئر کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کے وعدے کے حصے کے طور پر نصب کی گئی ہے۔ ٹی ایف ایل کے سیکورٹی، پولیسنگ اور انفورسمنٹ کے ڈائریکٹر سیوان ہیورڈ نے کہا کہ یہ بہت سے دیگراقدامات میں سے ایک ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ خواتین اور لڑکیاں محفوظ رہیں اور محفوظ محسوس کریں اور ٹی ایف ایل نیٹ ورک دن رات سب کے لئے حفاظت کا مینار ثابت ہو۔ لندن ٹریول واچ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مائیکل رابرٹس کا کہنا ہے کہ گروپ کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بہت سی خواتین اور لڑکیاں بسوں کے انتظار میں خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی ہیں۔ رابرٹس کا کہنا تھا کہ اس اہم اور قابل قدر ٹرائل سے نہ صرف جرائم کا سراغ لگانے میں مدد ملے گی بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ خواتین اور لڑکیاں بس میں سفر کرتے وقت محفوظ اور زیادہ پراعتماد محسوس کرسکیں۔