لندن( نیوز ڈیسک) روس نے ایک برطانوی سفارتکار کو جاسوسی کے الزامات کے بعد ملک بدر کر دیا ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹاس نیوز ایجنسی نے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے حوالے سے بتایا کہ وزارت نے برطانوی سفیر کو بھی طلب کیا ہے۔ویڈیو فوٹیج میں برطانوی سفیر کی گاڑی کو ماسکو میں وزارت خارجہ کے دفتر میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ برطانوی وزارت خارجہ سے تبصرے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔سرکاری نیوز ایجنسیوں نے رپورٹ کیا کہ ملک کی ایف ایس بی سیکورٹی سروس نے سفارتکار پر الزام عائد کیا ہے جس کی تصویر ٹی وی بلیٹن میں دکھائی گئی کہ وہ اپنے دستاویزات میں جھوٹی معلومات فراہم کر رہا تھا اور جاسوسی اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ یہ بھی کہا گیا کہ یہ سفارتکار ان چھ برطانوی سفارتکاروں کی جگہ تعینات کیا گیا تھا جنہیں اگست میں جاسوسی کے الزامات پر ملک بدر کیا گیا تھا۔یہ واقعہ2022میں یوکرین پر روس کے مکمل حملے کے بعد سے برطانیہ اور روس کے تعلقات میں بگاڑ کے دوران سامنے آیا ہے۔ رواں سال کے اوائل میں برطانوی سفارتکار کیپٹن ایڈریان کوگھیل کو ایک ہفتے کے اندر روس چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔