کراچی( اسٹاف رپورٹر) محسن انسانیت ﷺ خواتین کے حقوق کے سب سے بڑے محافظ ہیں، اسلام بحثیت ماں، بہن، بیٹی اور بیوی ہر شکل میں عورت کے ساتھ حسن سلوک کی تلقین کا درس دیتا ہے، دینی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے کہ مسلم معاشرے میں خواتین اپنے احترام اور حقوق کے لئے سرگرداں ہے، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے خواتین پر تشد د کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت کراچی پریس کلب میں منعقد مذاکرےسے صدارتی خطاب میں کیا،انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نہ صرف دیہات بلکہ پڑھے لکھے طبقات میں بھی خواتین پر تشدد اور قتل کے واقعات انتہائی افسوسناک اور تشویش ناک ہیں ، عورت کے خلاف تشدد کے خاتمے میں حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے، میڈیا، تعلیمی اداروں اور این جی اووز سب کا خاص کردار ہونا چاہئے لیکن افسوس کہ وہ اپنا یہ کردار سمجھنے اور ادا کرنے سے قاصر ہیں،مذاکرے میں شریک ڈائریکٹر میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ثمینہ سعید، ڈاکٹر ذکیہ اورنگزیب،ماہر نفسیات ڈاکٹر ہالہ، ماہر قانون ایڈووکیٹ طلعت یاسمین، نےبھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔