جنیوا (اے ایف پی) اقوام متحدہ کےانسانی حقوق کےادارے کے ترجمان نے گزشتہ روز کہا کہ ادارے کے سربراہ کو لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعے پر سخت تشویش ہے، وہ لبنان اور جنگ سے تباہ حال غزہ میں مستقل جنگ بندی کے خواہشمند ہیں۔امریکہ، یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے حالیہ دنوں میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے لیے زور دیا ۔ایک جانب جنگ بندی کی بات چیت میں تیزی آئی،دوسری طرف لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ پیر کو اسرائیلی حملوں میں کم از کم 31 افراد شہید ہوگئے۔لبنانی مزاحمتی گروپ کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں اسرائیل کے خلاف لڑ رہا ہے۔وولکر ترک کے ترجمان جیریمی لارنس نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ ہائی کمشنر نے ہلاکتوں اور تباہی کو ختم کرنے کے لیے فوری جنگ بندی کے لیے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔ان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا جب اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ حزب اللہ کے ساتھ لبنان میں جنگ میں مجوزہ جنگ بندی پر ووٹنگ کرنے والی تھی،جبکہ وائٹ ہاؤس نے امید ظاہر کی کہ جلدجنگ بند معاہدہ ہونے والا ہے۔جیریمی لارنس نے کہا کہ وولکر ترک کولبنان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش ہے۔انہوں نے صرف 22سے 24 نومبر کے درمیان مبینہ طور پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 8بچوں اور 19خواتین سمیت کم از کم 97افراد کی شہادت کی جانب اشارہ کیا۔